کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی شہر میں گزشتہ رات دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ حساس ادارے نے ایسٹ زون میں سرکاری افسر سمیت چار دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ گرفتار ملزموں سے جدید اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ یہ لوگ شہر کے حساس مقام پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ انکا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے۔ دہشت گردوں کو بیرون ملک سے آنے والی ای میل ٹریسنگ کے ذریعے پکڑا گیا۔ دوسری طرف کھارادر میں پولیس نے گزشتہ رات ٹاور کے قریب کارروائی کرکے تین پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک سب انسپکٹر اور دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔ گرفتار پولیس اہلکاروں کا تعلق اینٹی وائلنٹ کرائم سیل سے ہے۔ ملزم پرائز بانڈ والوں کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور واردات کیلئے پولیس موبائل استعمال کررہے تھے۔ دریں اثناءسپیشل انوسٹی گیشن پولیس نے بلدیہ ٹاﺅن سے پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث دو ٹارگٹ کلرز کو حراست میں لے لیا۔
کراچی/ سب انسپکٹر