اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ خصوصی نمائندہ) وفاقی حکومت نے آج یکم دسمبر سے پٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ باقی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پٹرولیم کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں سات ماہ سے اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔ ایف بی آر کے محاصل میں کافی شارٹ فال کا سامنا ہے۔ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اوگرا کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے کے باعث حکومت کو 4 ارب روپے کا خسارہ ہو گیا۔ جبکہ صرف آدھا بوجھ صارفین کو منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرن کی تاریخ میں 15 دسمبر تک توسیع کر دی ہے اب تک 6 لاکھ ریٹرن آئی ہیں۔ وزیر خزانہ نے رئیل اسٹیٹ کے بارے میں مجلس قائمہ کی سفارشات اور پارلیمنٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں جائیداد کی ویلیو کے لئے وہی فارمولہ اپنا لیں جو وفاقی حکومت نے اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا صنعتوں کو گیس کی قیمت میں رعایت دی گئی ہے اس پر کوئی سبسڈی فراہم نہیں کرنا پڑے گی۔ پی پی پی کے مطالبات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک مطالبہ کے بارے میں عدالت عظمیٰ میں سماعت ہو رہی ہے۔ باقی مطالبات پر وزیراعظم سے ہدایت کے بعد بات آگے بڑھائیں گے۔ حکومت کی طرف سے قیمت میں اضافہ کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 64 روپے 27 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی نئی قیمت 75 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہو گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پانامہ پر مخالفین کو دھرنے کی طرح شکست ہو گی اور حکومت سرخرو ہو گی۔ دریں اثناءاسحاق ڈار کی صدارت میں ایک اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سونے اور کرنسی کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے قانون کے مطابق سخت اقدامات کریں۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ‘ سیکرٹری خزانہ‘ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک‘ چیئرمین ایف بی آر‘ انٹیلی جنس بیورو اور دوسرے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا غیرملکی کرنسی کی سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت اقدام کیا جائے گا۔ اس جرم کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہو گا۔ وزیر خزانہ نے ایف آئی اے‘ آئی بی‘ کسٹمز انٹیلی جنس کو ہدایت کی تمام ائرپورٹس پر سخت نگرانی کی جائے۔ وزیر خزانہ نے 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹس ختم کرنے یا انعامی بانڈز کو واپس لینے کی افواہوں کی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی افواہیں ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لئے پھیلائی جا رہی ہے۔ ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے ہدایات ملنے کے بعد اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ سمیت تمام ائرپورٹس پر کرنسی اور سونے کی سمگلنگ کے خلاف نگرانی کو سخت کر دیا گیا ہے۔ دوبئی‘ ابوظہبی‘ چین‘ بنکاک جانے والی تمام پروازوں کی سختی سے جانچ ہو گی۔ اسلام آباد ائرپورٹ کے راول لا¶نج میں کسٹمز کا ایک انسپکٹر ہمہ وقت ڈیوٹی دے گا۔
پٹرول 2، ڈیزل 2.70روپے فی لیٹر مہنگا، دیگر مصنوعات کی قیمتیں برقراررہیں گی،وزیرخزانہ
Dec 01, 2016