لاہور (خصوصی رپورٹر) فیصل آباد کے آئندہ میئر اور ڈپٹی میئروں کے انتخابات میں وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ خان اور سابق میئر و سابق رکن قومی اسمبلی چودھری شیر علی گروپوں میں اختلافات ختم کروانے کے لئے وزیر بلدیات منشاءاللہ بٹ کی صدارت میں ایوان وزیراعلیٰ 90 شاہراہ قائداعظم پر ہونے والا اجلاس اس فیصلے کے ساتھ ختم ہوا کہ دونوں گروپ اپنے اپنے گروپ کے چیئرمینوں اور مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والوں کی فہرست کے ساتھ میئر کے ایک ایک امیدوار اور ڈپٹی میئر کے تین تین امیدواروں کے نام فراہم کریں گے جن میں سے حتمی امیدواروں کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کریں گے۔ گزشتہ روز 90 شاہراہ قائداعظم پر فیصل آباد سمیت چھ اضلاع کے اجلاس ہوئے جن میں وزیر بلدیات منشاءاللہ بٹ، سینیٹر سعود مجید، ملک ندیم کامران، مہر اشتیاق اور سمیع اللہ خان سمیت ہر ضلع کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریوں کارپوریشن کے صدر جنرل سیکرٹریوں اور پارٹی ٹکٹ ہولڈروں نے شرکت کی۔ منشاءاللہ بٹ کی صدارت میں ہر ضلع کا الگ الگ اجلاس ہوا۔ فیصل آباد کا اجلاس خاصا ہنگامہ خیز رہا جس میں وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ خان اور چوہدری شیر علی گروپوں نے اپنا اپنا حصہ ڈالا۔ اجلاس میں فیصل آباد کی مخصوص نشستوں پر پارٹی کے واحد ٹکٹ ہولڈر جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ن فیصل آباد کارپوریشن شاہد محمود بیگ ایڈووکیٹ کی شیر کے نشان پر شکست کا معاملہ خاصا زیر بحث رہا اور ان کی شکست کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔ دونوں گروپوں کی جانب سے اپنی اپنی اکثریت کے دعوے کے باعث طے پایا کہ دونوں گروپ کارپوریشن میں اپنے اپنے حامیوں کی تعداد اور اپنے اپنے میئر کے ایک ایک امیدوار جبکہ ڈپٹی میئر کے تین تین امیدواروں کے نام فراہم کریں گے جن میں سے میئر کے لئے ایک اور ڈپٹی میئر کے تین حتمی امیدواروں کا فیصلہ میاں نواز شریف کریں گے۔
فیصل آباد/ نام
فیصل آباد میں رانا ثنائ، شیر علی گروپ میئر کیلئے ایک ایک‘ ڈپٹی کیلئے 3,3 امیدواروں کے نام فراہم کرینگے
Dec 01, 2016