افغانستان: سکیورٹی فورسز کی کاروائیاں، داعش کے 33جنگجووں سمیت 55شدت پسند ہلاک

کابل(آئی این پی)افغانستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 33داعشی جنگجو ﺅں سمیت 55شدت پسند ہلاک اور 19زخمی ہوگئے ، 6کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دہشتگردوں کی9 کاروں اور 11موٹرسائیکلوں کو تباہ کردیا گیا۔ بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا گزشتہ 24گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 55شدت پسند مارے گئے جن میں داعش کے 33جنگجو شامل ہیں ۔آپریشن کے دوران 11داعشی جنگجوﺅں سمیت 19شدت پسند زخمی بھی ہوئے ۔بیان میں مزید کہا گیا آپریشن کے دوران افغان فضائیہ اور آرٹلری فورسز کی مدد بھی حاصل تھی جن صوبوں میں آپریشز کیے گئے ان میں ننگرہار،پکتیکا، پکتیا، لوگر، خوست، قندھار، ارزگان، بدغیس، ہرات، فرح، فریاب، قندوز اور ہلمند شامل ہیں۔بیا ن میں کہا گیا آپریشن کے دوران 6 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ 9دہشتگردوں کی 9کاروں اور 11موٹرسائیکلوں کو تباہ کردیا گیا۔ ادھر افغان سیکورٹی فورسز نے جنوب مشرقی صوبہ پکتیکا میں خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور کو بارودی جیکٹ اڑنے سے قبل گرفتارکرلیاگیا۔دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے بگرام ائربیس پر راکٹ حملے میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔این ڈی ایس کا کہنا ہے کہ مشتبہ عسکریت پسند کی شناخت معروف کے نام سے ہوئی ہے جو بگرام ائربیس پر حملے سمیت دیگر حملوں میں ملوث ہے ۔

ای پیپر دی نیشن