حکمرانوں کی بداعمالیوں کے باعث ملک آگے نہیں بڑھ سکا‘ سراج الحق

Dec 01, 2016

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں اور ان کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا،پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانے کی بات کرنا تحریک پاکستان میں بہنے والے خون سے غداری ہے،حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھ سکا، انہی کے کرتوتوں کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا اور ملک کا ہربچہ مقروض ہے،ہماری حکومت آئے گی تو ہم نوجوانوں کے ہاتھوں میں کتاب اور قلم دینگے، مفت تعلیم دی جائے گی، بچیوں کے لئے مفت تعلیم کا انتظام کریں گے اور جو اپنی بچیوں کو تعلیم نہیں دے گا وہ جیل جائے گا، بے روزگاروں کو بے روزگاری الا¶نس دیں گے، نوجوانوں کو کاروبار کے لئے بینکوں سے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ ہر یونین کونسل میں کھیل کا میدان بنایا جائے گا، نوجوانوں کی صلاحیت کے مطابق ان کی مدد کریں گے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبا کے زیراہتمام میگا ایجوکیشنل ایکسپو کے دوسرے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف سب سے پہلے جماعت اسلامی باہر نکلی، ہم نے ٹرین مارچ کیا، عدالتوں میں گئے اور اسمبلی میں آواز بلند کی، سراج الحق نے کہا کہ سندھ میں تبدیلی مذہب کے حوالے سے بنایا گیا قانون آئین پاکستان کے خلاف ہے۔ کئی صحابہ ایسے ہیں جنہوں نے 18 سال سے کم عمر میں اسلام قبول کیا، آصف زرداری سے کہتا ہوں کہ وہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا مسئلہ اس وقت حل ہو گا جب جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی ہمارے کسی ایم این اے، ایم پی اے اور وزیر پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے نہ ہی ہمارا نام پانامہ لیکس میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے پاکستان کا پانی بند کرنے کا کہا ہے اگر مودی نے پاکستان کا پانی بند کرنے کا سوچا تو ہم اس کا سانس بند کر دینگے۔ بدقسمتی سے ہمارے سیاستدانوں کے ہاتھوں میں برطانیہ اور امریکہ کا گرین کارڈ ہے۔ انہیں عوام سے اتنا ہی پیار ہے جتنا ایک گھڑ سوار کو اپنی سواری سے ہوتا ہے۔ عوام کے مسائل جماعت اسلامی ہی حل کر سکتی ہے۔

مزیدخبریں