آزاد جموں کشمیر کونسل کا اجلاس،22ارب ،55کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش

اسلام آباد+مظفر آباد( آئی این پی ؒ+صباح نیوز) آزادجموں وکشمیر کونسل کا 22 ارب 55 کروڑ سے زائد کا بجٹ پیش کردیاگیا ۔گزشتہ روز کوآزاد جموں وکشمیر کونسل بجٹ کے اجلاس کی پہلی نشست وائس چیئرمین اے جے کونسل و صدر آزادکشمیر سردار محمدمسعود خان کی صدارت میں آزادجموں وکشمیر کونسل سیکرٹریٹ بلڈنگ اسلام آبادمیں منعقد ہوا۔اجلاس میںوفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان و منسٹر انچارج اے جے کے کونسل چودھری محمدبرجیس طاہر نے 22 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کامالی بجٹ برائے سال2016/17 کا بجٹ پیش کیا۔ رواں سال کے بجٹ کا تخمینہ پچھلے سال 2015/16 کے بجٹ سے تقریباً 715 ملین روپے زیادہ ہے۔بجٹ میں کل آمدن کا تخمینہ 17 ارب 31 کروڑ روپے ہے جس میں انکم ٹیکس و دیگر ٹیکسز کی مد میں 15 ارب سے زائد وصولیوں کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے جو پچھلے مالی سال سے 17 فیصدزیادہ ہے ۔پیش کردہ 22 ارب 55 کروڑ روپے کے بجٹ سے 5 ارب سے زائد رقم ترقیاتی کاموں اور تقریباً 2 ارب سے زائد رقم غیر ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جائے گی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پیش کردہ بجٹ کا خسارہ غیرترقیاتی اخراجات میں کمی،3G,4G لائسنزکی فروخت و نیلامی سے حاصل شدہ آمدنی اور حکومت پاکستان کی جانب سے گرانٹ ان ایڈکی مدد سے پورا کیا جائے گا۔1974 ءکے ایکٹ کے مطابق ٹیکس محصولات کا 80 فیصدماہانہ بنیادوں پر آزادکشمیر حکومت کو دیے جاتے ہیں اسی طرح مالیاتی سال 2016-17 ءمیں آزادکشمیر حکومت کو تقریباً 11 ارب 72کروڑ روپے دیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ مالیاتی سال2014/15 اور2015-16 ءکے بقایات بھی دیے جائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت محمدنواز شریف کے وژن کے مطابق آزادکشمیر کی تعمیر وترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ اجلاس کے آغاز میں وفاقی وزیر اُمور کشمیرنے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور ایل او سی پر جاری بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو چھرے والی بندوقوں سے چھلنی کر کے اور ایل اوسی پر معصوم بچوں اور مسافر بسوںپر حملے کر کے انتہائی سفاکی اور بزدلی کا مظاہرہ کر رہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد تحریک آزادی کشمیر نے ایک نیا موڑ لیا ہے جس میں ہر گزرتے دن کا ساتھ زیادہ شدت آ رہی ہے ۔حکومت پاکستان کشمیریوں کے حقوق کے لیے تمام عالمی فورمز پر بھرپور آواز اٹھا رہی ہے ۔اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر نے سردار مسعود خان کو صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ اُن کی سفارتی تجربے کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کو بے حد تقویت ملے گی اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے کہا کشمیر سے متعلق ہم سب کے جذبات ایک ہیں اور اس مسئلے کے حل کے لیے ہم سب نے مل کر اپنی کوشش جاری رکھنی ہیں۔علاوہ ازیں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میںوزیر قانون و پارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان ،وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس، وزیر جنگلات سردارمیر اکبر، وزیر مال سردار فاروق سکندر، ممبران اسمبلی اسد علیم شاہ، ڈاکٹر مصطفی بشیر، عبدالرشید ترابی، رفعت عزیز، اور دیگر کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، نیلم میں مسافر بس اور ایمبولینس پر فائرنگ کیخلاف اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کے سپہ سالار تعینات ہونے پر مبارکباد کی قراردادیں متفقہ طور منظور کر لی گئیں ۔ ممبر اسمبلی اسد علیم شاہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری کی مسلسل خلاف ورزیوں اور اشتعال انگیز فائرنگ کے نتیجہ میں معصوم شہریوں کی شہادت پر غم و غصہ کا اظہار کرتا ہے۔ بھارتی افواج کی جانب سے وادی نیلم میں مسافر کوچ اور شہداءاور زخمیوں کو لے جانےوالی ایمبولینس پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔بھارت کے یہ اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔اجلاس مسلح افواج پاکستان کی جرات ،بہادری اور دلیری کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یقین دلاتے ہیں کہ بھارتی جارحیت اور بربریت کے خلاف پوری قوم اور حکومت پاکستان اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ ایوان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاست دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور آئی سی اور دیگر با اثر عالمی طاقتوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنے نمائندے مقبوضہ کشمیربھیج کر وہاں کے سنگین حالات کا از خود جائزہ لیں۔وزیر قانون و پارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان ، فاروق سکندر وزیر مال اور دیگر کی جانب سے پیش کردہ قرار دادوں میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقہ جات کی سول آبادی پر بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں کئی معصوم جانوں کی شہادت ، بالخصوص وادی نیلم میں مسافر بس اور ایمبولینس پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ اس ایوان کی رائے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاﺅں کا پانی بند کرنے کا اعلان کیا ہے جو کھلم کھلا اعلان جنگ ہے۔ یہ ایوان حال ہی میں ریٹائرڈ ہو نے والے کمانڈر انچیف راحیل شریف کو ان کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے اور نئے آنے والے کمانڈر انچیف کوخوش آمدید کہتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مملکت خداداد پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے پوری پوری کوششیں بروئے کار لائیں گے۔یہ ایوان وزیراعظم محمد نواز شریف اور مسلح افواج کو مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل موقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور یقین دلاتا ہے کہ پوری کشمیری قوم مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں زیر بحث لایا جائے، کشمیری پرOICکا سر براہی اجلاس بلوایا جائے۔ ایوان ترکی کے صدر طیب اردگان کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر کشمیریوں کی دو ٹوک حمایت کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس اقوام متحدہ سے پر زور اپیل کرتا ہے کہ بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر بلا جواز فائرنگ کا سلسلہ بند کرے اور بھارت کو عالمی قوانین کا پابند کیا جائے۔ یہ اجلاس جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاکستان آرمی کا سپہ سالار اعلیٰ مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کرتا ہے اور اُمید کرتا ہے کہ نئے آرمی چیف اپنے پیش رو جنرل راحیل شریف کی پالیسیوں کو اسی تسلسل سے جاری رکھیں گے۔ جنرل راحیل شریف پیشیہ وارانہ خدمات کی وجہ سے عزت و منزلت کے اعلیٰ ترین مقام پر پہنچے ہیں جس پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ علاو ازیں اجلاس میں مسودہ قانون ” آزاد جموںو کشمیر سروس ٹربیونل ترمیمی ایکٹ2016ءاور” نفاذ حدود کا ترمیمی ایکٹ2016ءاتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ جبکہ مسودات قانون ” کمپنیز پرافٹ ایکٹ2016ءآزاد جموں و کشمیر شاپس اینڈ اسٹیبلشمنٹ ترمیمی ایکٹ 2016ءآزاد جموں و کشمیر جبری مشقت کا ایکٹ 2016ءاور آزاد جموں و کشمیر ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس ایکٹ 2016ءکو اتفاق رائے سے مجلس قائمہ کے سپرد کر دیا گیا ۔

ای پیپر دی نیشن