جھنگ میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی اٹھہتر میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے

Dec 01, 2016 | 14:12

ویب ڈیسک

جھنگ میں ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے صبح آٹھ بجے پولنگ شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دولاکھ چھ ہزار پانچ سوباسٹھ ہے جن میں ایک لاکھ آٹھ ہزارچھ سو ستائیس مرد اور ستانوے ہزار نوسو پینتیس خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ انتخابات کیلئے ایک سو اکہتر پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں تمام کو حساس جبکہ سترہ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سرفراز ربانی، تحریک انصاف کے شیخ ارفع مجید اور عوامی تحریک کے نسیم قادری خواجہ سرا محمد عارف عرف بوٹا بھی امیدواروں میں شامل ہے۔ مسلم لیگ ن کے آزاد ناصر انصاری اور اہلسنت والجماعت کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ پی پی اٹھہتر کی نشست ن لیگ کی رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ پولنگ کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشنز میں پولیس ،رینجرز اور پاک فوج کے جوان تعینات ہیں۔

مزیدخبریں