عمران کا قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ راہ فرارکی کوشش ہے، دانیال عزیز

اسلام آباد (نا مہ نگار) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کا قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ اپنے خلاف کیسز سے راہ فرار ہے،عوام میں نفرت اور بدظنی پھیلانا عمران خان کا وطیرہ بن چکا ہے، عمران خان صاحب کہتے ہیں کہ جو ا کھیل کر اپنی جماعت چلائی، اگر فارن فنڈنگ نہیں ہوئی تو تلاشی دے دیں،عمران خان نے سپریم کورٹ میںبھی غلط بیانی کی ،عمران خان ساڑھے تین سال تک توہین عدالت کے مرتکب رہے،۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کیس تقریباً ہر عدالت میں چل ہا ہے، تحریک انصاف عدالت کی توہین میں لگی ہوئی ہے، تحریک انصاف کی قیادت کے قول و فعل میں واضح تضاد ہے، عمران خان ساڑھے تین سال تک توہین عدالت کے مرتکب رہے، شہباز شریف کے ہر جانے کے دعویٰ کیس میں عمران خان نے جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج تک نجم سیٹھی کے کیس میں بھی پیش نہیں ہوئے، وہ مفرور ہیں، عمران پہلے تو پیش نہیں ہوتے پھر چپکے سے معافی مانگ لیتے ہیں، کے پی کے میں احتساب کمیشن کے چیئرمین چھوڑ کر چلے گئے ہیں، نیب کے چیئرمین کی تعیناتی کیلئے انہوں نے نام دیئے تھے انہی ناموں میں سے کسی کو کے پی کے میں احتساب کمیشن کا سربراہ لگا دیتے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کا آئینی اداروں میں پیش نہ ہونا کیا ثابت کرتا ہے، اگر پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ نہیں ہوئی تو تلاشی دے دیں، تحریک انصاف دوسروں کو کہتی ہے کہ وہ تاخیری حربے استعمال کرتی ہے جبکہ وہ خود یہ کام کر رہے ہیں۔وزیر نجکاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی نشاندہی پر احتساب دفتر کو تالے لگوادیئے جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں متعددبار حکم امتناع کی درخواست دی، فارن فنڈنگ میں کوئی ابہام نہیں تو حکم امتناع کیلئے تگ ودو کے کیا معنی ہیں۔ عمران خان نے بیرون ملک سے کروڑوں ڈالر غیر قانونی طریقے سے منگوائے ، عمران خان کو اپنے گربیان میں جھانکنا چاہیے، عمران خان قومی اسمبلی کے پورے بجٹ سیشن میں نہیں آئے۔ عمران خان نے پارٹی چلانے اور قرضہ اتارنے کیلئے ایک ٹی وی شو میں خود جواء کھیلنے کا اعتراف کیا، اس حوالہ سے ان کے ٹی وی انٹرویوز سب کے سامنے ہیں، ان کے خلاف ہرجانے کا جو دعویٰ کیا گیا ہے اس سمیت انسداد دہشت گردی عدالت اور سپریم کورٹ میں بھی انصاف کا راستہ روک رہے ہیں، عمران خان کو پتہ ہونا چاہئے کہ وہ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں ہی فارغ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کیسز میں تاریخ آگے چلی جاتی ہے مگر ہمارے خلاف کیسز میں مختصر وقت دیا جاتا ہے، انصاف کا معیار یکساں ہونا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن