دھرنے والوں سے معاہدے پر دستخط خون کے گھونٹ پی کر کئے: احسن اقبال

Dec 01, 2017

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دھرنے والوں سے معاہدے پر خون کے گھونٹ پی کر دستخط کیے، ملک کو انتشار سے بچانے کیلئے خود کو جھکا کر قیمت چکائی۔ ختم نبوت قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ختم نبوت حلف نامے کی ترمیم میں پی ٹی آئی کے 4 لوگ بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی والے پٹرول کی خوشبو پر ماچس کی تیلی لگاتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سیاستدانوں نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ پی ٹی آئی والے موقع پرستی کی سیاست کرتے ہیں، ان کو کوئی احساس نہیں کہ ملک کے اندر اگر آگ لگ گئی تو اس ملک کے اندر ہم سب جل سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ سازش کا مقصد یہ تھا کہ ملک میں مسلکی بنیادوں پر جلاؤ گھیراؤ ہو اور فساد اور فتنہ پھیلے۔ ہم نے علماء و مشائخ کے ذریعے دھرنا والوں پر دباؤ ڈالا اور سازش کو ناکام بنانے کی کوشش کی۔ علاوہ ازیں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کر کے ان دہشتگردوں کو شکست دی ہے جو ہمارے کھیلوں کے میدان اجاڑنا چاہتے تھے۔ مزید برآں وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے اسلام آباد کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور وہاں پولیس کارکردگی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا ۔جمعرات کی صبح وزیر داخلہ اچانک تھانہ رمنا، تھانہ سیکریٹریٹ اور تھانہ کوہسار گئے جہاں انہوں نے تھانوں کے رپورٹنگ روم کا جائزہ لیا اور روزنامچے چیک کیے۔ وزیر داخلہ نے تھانوں میں موجود سائلین سے ملاقات کر کے انکے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔

مزیدخبریں