پشاور: ذرعی یونیورسٹی میں چار دہشتگردوں کا حملہ ، پاک فوج نے تمام حملہ آووروں کو جہنم واصل کردیا، دو جوان زخمی ہوئے، طلبا کو باحفاظت نکال لیا گیا

Dec 01, 2017 | 11:22

ویب ڈیسک

دہشتگردوں کا پھر خیبرپختونخوا پر وار، حرمت کے مہینے کا بھی لحاظ نہ کیا، آٹومیٹک اسلحہ اور بارودی مواد سے لیس دہشتگردوں نے ایگریکلچر یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پشاور پر حملہ کردیا، برقعہ پوش دہشتگرد یونیورسٹی میں فائرنگ کرتے ہوئے داخل ہوئے ، گیٹ پر کھڑا چوکیدار بھی دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔

دہشتگردوں کے حملے کے بعد فورسز کی جانب سے فوری طور پر آپریشن شروع کردیا گیا، اس دوران علاقہ گولیوں کی ترتراہٹ سے گونجتا رہا، یونیورسٹی سے دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں، پاک آرمی کے جوان آپریشن کیلئے پہنچے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوانوں نے علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے کچھ ہی دیر بعد تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی ایوی ایشن کی جانب سے علاقے کی نگرانی کی گئی، طلبا کو ہاسٹلز سے بحفاظت نکال لیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، پشاور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے وقت زرعی ڈائریکٹوریٹ کے ہاسٹل میں طلبہ موجود تھے اور متعدد طلبہ نے جان بچانے کے لیے بالائی منزل سے چھلانگ دی جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئیں، دہشتگرد حملے کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا۔

مزیدخبریں