ڈالر وزیراعظم کی تقریر کے نتیجہ میں مہنگا ہوا حکومت کے ًپاس وژن ہے نہ روڈمیپ : اپوزیشن

Dec 01, 2018

لاہور+ اسلام آباد (خبرنگار+ وقائع نگار خصوصی+ نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے 100 روز مکمل ہونے پر حکومتی کارکردگی سے متعلق 'وائٹ پیپر' جاری کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماو¿ں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 'آج روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قیمت میں اضافہ وزیر اعظم عمران خان کی گزشتہ روز کی گئی تقریر کا نتیجہ ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سب سے پہلا انکشاف عمران خان پر تب ہوا جب ان کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں، خان صاحب کو آج تک یقین نہیں آیا کہ وہ وزیراعظم بن گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے عمران خان نے کٹے پالنے اور دیسی مرغ پالنے اور اسلامی ٹورزم جیسے حل پیش کیے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کرپشن، منی لانڈرنگ اور کرپشن پر بات کی، عمران خان نے سوئٹزرلینڈ سے معاہدے کا ذکر کیا کہ وہاں 11 ارب ڈالر پڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بتائیں وہ 11 ارب ڈالر کن کے پاس ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور جو بھی چور ہیں ان کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں اور انہیں گرفتار کیا جائے۔ عمران پہلے معلوم کرلیں کہ منی لانڈرنگ کرنے والوں میں کوئی رشتہ دار یا کابینہ رکن شامل نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں سب سے بڑی چوری ٹیکس کی ہوتی ہے لیکن وزیر خزانہ نے نہ وزیر اعظم نے اس کی بات کی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 100 روز میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ایک کروڑ ملازمتیں کیسے دی جائیں گی اور 50 لاکھ گھر کیسے بنائے جائیں گے حکومت نے نہیں بتایا، سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ 'عمران خان آپ نے کہا تھا کہ 90 دن میں ملک سے کرپشن ختم کردوں گا لیکن 100 دن میں خیبرپی کے میں احتساب کمشن کو رول بیک کر دیا گیا۔ کیا خیبرپی کے حکومت احتساب سے بالاتر ہے؟ 100 روز گزرنے کے بعد بھی حکومت کے پاس نہ ویژن ہے نہ روڈمیپ، ملکی مسائل کے حل کے لئے ہماری پالیسیاں اپنانا ہوں گی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ عمران کی سونامی ملک کی تباہی کر رہی ہے، سیالکوٹ سے نامہ نگارکے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف والے کمرہ امتحان میں خالی پرچہ چھوڑ کر آئے ہیں، ان کو کوئی رعایتی نمبر نہیں دونگا بلکہ ان کو سو دن کی کارکردگی پر صفر نمبر دوں گا۔ سملک کٹے اور مرغیوں سے ترقی نہیں کرتے۔ وزیراعظم کو اپنے اردگرد ”ریلو کٹے“ دیکھنے چاہئیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ڈالر کی قیمت میں تاریخی اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے معاہدہ کرلیا ہے۔ عوام کو بتایا جائے کن شرائط پر یہ معاہدہ ہوا۔ اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور اس کی شرائط کے بارے میں بھی قوم سے جھوٹ بولا گیا۔ ڈالر کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ثبوت ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لی ہیں۔ وزیرخزانہ نے سو دن کی تقریب میں گزشتہ روز جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکہ دیا۔ وزیراعظم قوم کو تسلیاں دے رہے ہیں کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ قوم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی پر عمران حکومت مستعفی ہو۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی 100 دن کی کارکردگی زیرو ہے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماسینیٹر الیاس احمد بلور نے ڈالر کی ملک کی تاریخ میں بلند ترین سطح تک پہنچنے کو حکومت کا ایک اور یو ٹرن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط مان لی ہیں

اپوزیشن

مزیدخبریں