لاہور (ایجنسیاں) موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھنے والوں کےلئے بھی ہیلمٹ پہننے کی پابندی کا اطلاق (آج) یکم دسمبر سے ہوگا جس پر پہلے مرحلے میں مال روڈ پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ دکانداروں نے ہیلمٹ کی مانگ دیکھتے ہوئے ایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ خواتین کی اکثریت فیصلے سے ناخوش ہیں جبکہ شہری فیملی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سفر کرنے کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھنے والوں کےلئے بھی ہیلمٹ پہننے کی پابندی پریکم دسمبر سے عملدرآمد کےلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور اس سلسلہ میں حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ۔ پہلے مرحلے میںمال روڈ پر پابندی کا اطلاق کرایا جائے گا جبکہ اس کے بعد بتدریج شہر کی دوسری شاہراہوں پر بھی موٹر سائیکل سوار دونوں افراد کےلئے ہیلمٹ کی پابندی لازمی قرار دی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ مرد ہو یا خاتون، ہیلمٹ پہننا لازمی ہو گا۔ یکم دسمبر سے بغیر ہیلمٹ دوسرے سوار کا بھی چالان کیا جائے گا۔ سائیڈ مر بھی لازمی قرار دئیے گئے ہیں۔
ہیلمٹ/پابندی