لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ترقی اور خوشحالی لانے کی پالیسی وضع کر دی، انشاءاللہ وعدے پورے ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار محنت اور کوشش کر رہے ہیں ان کی محنت ضرور رنگ لائے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان کو مضبوط کرنے میں ہی پاکستان کا بھلا ہے، وہ نیک نیت رہنما ہیں حکمران نیک نیت ہو تو اللہ تعالیٰ مدد کرتا ہے اور ملک معاشی طور پر مضبوط ہوتا ہے، ہم عمران خان اور ان کی جماعت کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت ہے اور پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ ان کا حق تھا، ابتدائی 100 دن میں وزیراعظم نے اپنی پالیسی وضع کر دی ہے اب اسی پالیسی کے تحت آگے بڑھنا ہے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ہمارے پرانے تعلقات ہیں وہ عام آدمی ہیں اور عام آدمی کے مسائل سے واقفیت رکھتے ہیں، مسلم لیگ (ق) خلوص نیت سے ان کے ساتھ چل رہی ہے اور انہیں کامیاب بنائے گی ہم جس کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ان کا ساتھ نہیں چھوڑتے۔ صحافی رہنماﺅں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ہمیشہ صحافیوں کا ساتھ دیا، انہوں نے مختلف شہروں میں بلاامتیاز صحافیوں کو ہاﺅسنگ سوسائٹیاں بنا کر پلاٹ دئیے، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا۔ پنجاب اسمبلی میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے وفود سے گفتگو میںچودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے فلاح و بہبود کے ہمارے منصوبے ختم کر دئیے، مریضوں سے دشمنی کرتے ہوئے ہسپتال بھی نہیں بننے دئیے، انہوں نے کوئی بھی کام دور اندیشی کی بجائے صرف سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے کیا، ہم نے پنجاب کے خزانے میں 100 ارب روپے چھوڑے تھے شہبازشریف نے صوبے کو دیوالیہ کر دیا، ہم نے اپنے دور حکومت میں شریف فیملی سے خیر خواہی کی اور ان کے کاروبار بھی چلاتے رہے مگر شہبازشریف نے وزارتِ اعلیٰ کے دس سالہ دور میں ہمارے خلاف جھوٹے کیس بنائے گئے مگر ہمارا دامن صاف ہے اس لیے اللہ کریم نے ہماری مدد فرمائی، شریف خاندان اپنی عوام دشمنی کے باعث اللہ کی پکڑ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں صحافی کالونیاں بنائیں، شہبازشریف کے حمایتی صحافیوں کو قرعہ اندازی سے پہلے خود پلاٹ دئیے تا کہ ان کے بچوں کو بھی چھت میسر آ سکے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیم میں صحافیوں کو بھی شامل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم سے بات کریں گے اور امید ہے کہ ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے صحافیوں کیلئے بھی مکانات تعمیر کریں گے۔
پرویز الٰہی