لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ڈومیسٹک کرکٹ کو 8ریجنز تک محدود کرنے کی تجویز سامنے آگئی جبکہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ان میں فاٹا بھی شامل ہوگا۔ ابتدائی طور پر ڈومیسٹک کرکٹ میں 8یا 9ریجنز رکھنے کی تجویز پر غور کررہے ہیں،فاٹا کے نوجوانوں کو کھیلوں کے قومی دھارے میں لانا بھی ترجیحات میں شامل ہے،اس ریجن کو بھی شامل رکھا جائے گا۔ پسماندہ علاقوں میں سہولیات کا فقدان ہونے کے باوجود میں کھیلوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر بیحد متاثر ہوا ہوں،سکول کرکٹ کو فروغ دیا جائیگا،بورڈ طویل مدت منصوبے پر کام کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود اور ساکھ کیلئے کام کرے گا۔وزیر اعظم عمران خان ملک میں کھیلوں کی حالت سدھارنے کیلئے فکر مند ہیں۔