کراچی (اسٹاف رپو رٹر )میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ بولٹن مارکیٹ میں کے ایم سی کی 450 دکانیں ہیں یہ سب دکانیں اپنی حدود میں ہیں اس لئے محفوظ ہیں جن دکانداروں نے دکانوں کے باہر فٹ پاتھوں پر غیرقانونی تعمیرات ، چبوترے اور تجاوزات قائم کر رکھے ہیں انسداد تجاوزات کارروائی میں صرف انہیں توڑا گیا ہے ، کئی دکانداروں نے ازخود اپنی دکانوں کے باہر موجود تجاوزات کو صاف بھی کیا ہے جبکہ کئی دکانداروں نے اپنی دکانوں سے باہر فٹ پاتھوں پرپلاسٹک کے سامان کی چھوٹی چھوٹی دکانیں اور دیگر غیرقانونی تعمیرات کر رکھی تھیں جن کو انسدادتجاوزات کارروائی کے 26 ویں دن بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے بھاری مشینریوں کے ہمراہ صاف کردیا، قبل ازیں جمعہ کو صبح ہی سے بولٹن مارکیٹ کی مرکزی شاہراہ سے متصل دکانوں کے باہر فٹ پاتھوں اور اندرونی گلیوں میں فٹ پاتھوں پر قائم دکانوں اور چھجوں کو صاف کرنے کا آغاز کیا گیا، کارروائی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، بعض دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی دکانوں کے باہر فٹ پاتھوں پر موجود غیرقانونی تعمیرات اور چھجوں کو خود ہی ہٹا دیا، جمعہ کی نماز کے باعث دوپہر 12 بجے سے ڈھائی بجے تک انہدامی کارروائی میں وقفہ دیا گیا جبکہ وقفہ کے بعد یہ کارروائی دوبارہ شروع کردی گئی جو شام گئے تک جاری رہی، انسداد تجاوزات کارروائی کے نگراں اور میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی میں عوام کے تعاون سے بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے فٹ پاتھ، پارک اور نالوں پر بنی غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کیا جا رہا ہے ۔