والدین کے چھوٹے موٹے جھگڑوں سے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے : ہائیکورٹ 

Dec 01, 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بچوں کی حوالگی کے کیس میں میاں بیوی کو صلح کا ایک موقع دے دیا۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ والدین کے چھوٹے چھوٹے جھگڑے ختم نہ ہونے سے بچوں کا مستقبل دائو پر لگ سکتا ہے۔ والدین علیحدہ رہیں یا اکٹھے، بچوں کی پرورش باپ کی ہی ذمہ داری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے کیس کی سماعت کی۔ رضوان سرور نامی شخص نے کہا کہ عدالت میرے بچوں کوبیوی سے بازیاب کراکے میرے حوالے کرے۔ عدالتی حکم پر بچوں کی والدہ سعدیہ مجید اور دونوں بچے عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جھگڑا کرنے والے والدین جہاں بھی رہیں بچوں کو قدم قدم پر ان کی رہنمائی کی ضرورت رہتی ہے۔ والدین کا سایہ انکے بچوں کے لئے ایک رحمت ہے۔ عدالت نے دونوں وکیلوں پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی۔ عدالت نے کہا میاں بیوی اپنے وکلاء کی موجودگی میں بات چیت کریں۔گلے شکوے اورتحفظات دور کریں۔ آئندہ سماعت پر دونوں فریقوں کے وکلاء بات چیت کے بعد سفارشات لے کر آئیں جس کا جائزہ لے کر عدالت فیصلہ کرے گی۔

مزیدخبریں