اسلام آباد( آن لائن ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی قیادت میں تعلیمی معیار میں اضافہ اور طلبہ کو بامعنی تحقیق کی جانب راغب کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے ٗ ملک میں ریسرچ کلچرکے فروغ کے لئے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے میرٹ کی بنیاد پر تین انڈکسنگ ایجنسیز حاصل کرنایونیورسٹی کے لئے باعث فخر ہے ٗ اِن میں سے ایک ایجنسی پاکستانی زبانوں کے تحقیقی جرائد کے لئے مقرر ہے جس کے قیام پر تیزی سے کام جاری ہے۔اِس ایجنسی کے ذریعے سکالرز کو پاکستانی زبانوں کے تحقیقی جرائد تک آن لائن رسائی ممکن ہوجائے گی۔ وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے انڈکسنگ ایجنسی کے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام شعبے کے قیام کے بنیادی مقاصد سے ہم آہنگ ہے اور اس سے پاکستانی زبانوں کی تحقیق کو مضبوط بنیادیں فراہم ہوں گی۔شعبہ پاکستانی زبانیں کے چئیرمین ٗ پروفیسر ڈاکٹر عبداﷲ جان عابد کے مطابق ملک بھرکے مختلف جامعات سے پاکستانی زبانوں کے حوالے سے 12تحقیقی جریدے شائع ہورہے ہیں جن میں سندھی کے پانچ ٗ پشتو کے تین ٗ بلوچی کے دو ٗ براہوی اور پنجابی کا ایک ایک جرنل شامل ہے ٗ اِن میں سے چند شمارے ابتدائی طور پر اس ایجنسی کے تحت آن لائن کردئیے گئے ہیں۔