مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کے مابین اہم ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی اور پرویز اشرف، سید مراد علی شاہ، سید نوید قمر ‘ مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پیپلز پارٹی کے 52ویں یوم تاسیس کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں یکجہتی و تاسیسی جلسہ عام کے انعقاد کو کشمیری عوام کیساتھ عملی یکجہتی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایک ایسے موقع پر جبکہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے کرفیو کے 119دن مکمل ہوچکے ہیں مگر ریاستی عوام نے سنگینیوں کے سائے تلے بھارت کے ناجائز قبضہ کو تاحال تسلیم نہیں کیا اور اپنی بساط کے مطابق بدستور مزاحمت کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے 52 ویں یوم تاسیس کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں رش، ٹریفک ،سکیورٹی پلان کو مرتب کر ے فرائض سر انجام دیے گئے ، یوم تاسیس کی تقریب میں پاکستان کے چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان سے بھی پارٹی کی نمائندگی کی گئی، مقامی ہوٹلوں میں تمام کمرے بک ہو گئے ، پاکستان و آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع سے تشریف لانے والے مہمانوں نے کشمیری کھانوں، کشمیری ناشتہ و دیگر کشمیری مصنوعات میں بھرپور دلچسپی لی۔ کومی کوٹ سے سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل ہزاروں افراد کے قافلے نے شرکت کی۔