لاہور ( سپیشل رپورٹر) ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی تمام فائلوں پر پلاٹ نمبر لگا دیئے گئے‘ قرعہ اندازی کا نتیجہ ایل ڈی ا ے کی ویب سائٹwww.lda.gop.pk پر دستیاب ہے۔ مالکان اپنی فائل کا نمبر اینٹر کر کے اس پر لگنے والے پلاٹ کا نمبر معلوم کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی نو ہزار سے زیادہ فائلو ں پر نمبر لگانے کے لئے سائٹ آفس فیروز پور روڈ پر منعقد ہونے والی قرعہ اندازی کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایل ڈی اے سٹی کے فائل مالکان کو پلاٹ دلوانے کا وعدہ آج پور ا کر دیا ہے جو کہا تھا وہ کر دکھایا۔ باقی وعدے بھی پورے کریں گے۔ اس مقصد کے لئے صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید کی خصوصی توجہ اور کردار قابل ستائش ہے ‘ وائس چیئرمین ایس ایم عمران اور ڈی جی ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے دن رات محنت کر کے یہ مشکل کام مکمل کیا۔ اس موقع پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے کہا کہ تمام 9712 فائل مالکان کو پلاٹ الاٹ کر کے اللہ اور عوام کے سامنے سرخرو ہوئے۔ ڈویلپمنٹ پارٹنرزکی انتھک محنت کے بغیر یہ کام ممکن نہیں تھا۔ فائل ہولڈرز سے ترقیاتی اخراجات آدھے وصول کئے جائیں گے۔ ایل ڈی اے سٹی فیزون کی فائلوں پر پلاٹ نمبرلگانے کے لئے شفافیت یقینی بنانے کی خاطر تمام ضروری اقدامات کئے گئے۔ قرعہ اندازی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے زیر اہتمام کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قرعہ اندازی میں شامل کی جانے والی فائلوں کے نمبرحبیب بنک لمیٹڈ کو دیئے گئے جس نے اِن پر فرضی نمبر لگا کر ایل ڈی اے کو دے دیئے اور ان نمبروں کی کیز (Keys) اپنے پاس رکھیں۔ بعدازاں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ان فرضی نمبروں کی قرعہ اندازی کی۔ فائلوں کے خفیہ نمبروں پر قرعہ اندازی کے ذریعے نکلنے والے نمبروں کو Keyکے ذریعے اصل فائل نمبروں کے ساتھ میچ کر کے کسی فا ئل پرلگنے والے پلاٹ نمبر کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیزون میںدوکنال کے 81‘ ایک کنال کے1830‘ دس مرلے کے3752 اور پانچ مرلے کے 4049پلاٹ بنائے گئے ہیں۔ سکیم کے فیزون میں ترقیاتی کاموں کے لئے اس بجٹ میں تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ یہاں چارہزار کنال سے زائد اراضی پر دن رات دو شفٹوں میںترقیاتی کام جاری ہیں۔ سکیم کے دو انٹری گیٹ تعمیر کئے جائیں گے۔ فیروز پورروڈ سے ڈیفنس روڈ تک پہلے سے تعمیر شدہ ایل ڈی اے سٹی روڈ کو فیز ون سے ملانے کے لئے دو کلومیٹر طویل نئی لنک روڈ تعمیر کی جائے گی۔ ایل ڈی اے سٹی میں بجلی کا نظام انڈر گرائونڈ ہو گا۔ ایل ڈی اے سٹی کا مین پارک 330کنال رقبے پر ڈویلپ کیا جائے گا ۔ مسجد کی تعمیر کے لئے16کنال کا پلاٹ مختص کر دیا گیا ہے۔ سکیم کی سڑکوں کی کم ازکم چوڑائی40فٹ ہے۔ سکیم کی مین بلیوارڈ 300فٹ چوڑی ہے۔ بلائنڈ کرکٹ سٹیڈیم سپورٹس کمپلیکس اور ماڈل قبرستان ایل ڈی اے سٹی میں شامل اراضی پر بنائے گئے ہیں۔