’’ سُر، سارنگ اور سنگیت‘‘ کے نام سے میوزیکل نائٹ

Dec 01, 2019

لاہور (کلچرل رپورٹر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت، پنجاب زیر اہتمام ’’ سُر، سارنگ اور سنگیت‘‘ کے نام سے ایک میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں معروف گلوکار حبیب علی نے ٹھمری گائی اور زوہیب علی نے سارنگی پر خوبصورت غزلوں کی دُھن بجا کر سماں باندھ دیا جس پر سامعین پر سحر طاری ہوگیا اور بار بار تالیاں بجا کر داد دیتے رہے۔ اِس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پِلاک ثمن رائے نے کہا کہ ایک وقت میں سارنگی کا شمار آلات موسیقی میں خاص اہمیت رکھتا تھا۔ اِسی طرح ٹھمری میں گانا بھی بہت ہی پسند کیا جاتا تھا۔ اب یہ دونوں چیزیں وقت کے ساتھ ناپید ہوتی جا رہی ہیں۔ انھیں ازسرِ نو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں پِلاک مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کا انعقاد تسلسل سے کرتا رہے گا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اطہر علی خان، ڈائریکٹر لاہور میوزیم طارق محمود، پروفیسر محمد جواز، شعیب احمد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق شخصیات نے شرکت کی اور پِلاک کی طرف سے سازو آواز سے بھرپور اس تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

مزیدخبریں