انڈر 16کرکٹ ٹورنامنٹ ‘سنٹرل پنجاب نے بلوچستا ن کو ہر ادیا

Dec 01, 2019

لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام انڈر16تین روزہ کرکٹ ٹورنا منٹ میں سنٹرل پنجاب نے بلوچستان کو ایک اننگز اور 79رنز سے شکست دیدی۔ سنٹرل پنجاب کے 268 رنز کے جواب میں بلوچستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 57 رنز پر ڈھیر ہوکر فالوآن کا شکار ہوگئی۔ مشکلات کا شکار بلوچستان کی ٹیم دوسری اننگز میں بھی 132 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سنٹرل پنجاب کے سپنرز علی اسفند نے میچ میں 8 جبکہ ارحم نواب نے 6وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ میں سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف دوسری اننگز میں 132 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے اور اس کی 4وکٹیں باقی ہیں۔ 24رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6وکٹوں کے نقصان پر 156 رنزبنالیے ہیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کے 116 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم 140 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ سندھ کے اسپنر عالیان محمود اب تک میچ میں 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

مزیدخبریں