لاہور(نمائندہ سپورٹس) ورلڈ رینکنگ فائٹس میں کامیابی حاصل کرنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ میرا صرف ایک مقصد ورلڈ چیمپئن بننا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستانی باکسر نے کوئٹہ پہنچنے پر کیا، ایئر پورٹ پر اہل خانہ، عزیز و اقارب نے شاندار استقبال کیا، کوئٹہ پہنچنے پر اس بار بھی کوئی بھی حکومتی عہدیدار موجود نہیں تھا۔یاد رہے کہ محمد وسیم نے چند روز قبل دبئی میں میکسیکو کے حریف کو شکست دیکر ورلڈ رینکنگ فائٹس میں کامیابی حاصل کی تھی۔کوئٹہ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر کے اپنے وطن پہنچا ہوں،ورلڈ چیمپئن کو شکست دیکر مقابلہ جیتا،اپنے شہر واپس لوٹ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔محمد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ میرے گلے شکوے ہوتے ہیں اور نہ ہی میں کسی سے گلہ شکوہ کرتا ہوں، میں پاکستان کے لئے کھیلتا ہوں اور اس ہی کے لئے کامیابیاں حاصل کرتا ہوں، میرے استقبال کے حوالے سے وزیر اعلیٰ یا کسی وزیر کے بارے میں زیادہ سوچتا بھی نہیں۔ میرا فوکس کھیل پر ہے اور مقصد ورلڈ چیمپئن بننا ہے، حکومتی شخصیات کی جانب استقبال نہ کرنے پر کوئی افسوس نہیں۔ مجھے اپنے کمپنی اور پاک فوج کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔