لاہور(سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ کی ٹیم ہملٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 375 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، بی جے واٹلنگ اور ڈیرل مچل نے نصف سنچریاں بنائیں، سٹورٹ براڈ نے 4 اور کرس ووکس نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، انگلینڈ نے 2 وکٹوں پر 39 رنز بنا لئے۔ ہفتہ کو ہیملٹن میں ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 173 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 101 اور ہینری نکولس 5 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، لیتھم گزشتہ روز کے سکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد سٹورٹ براڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، ہینری نکولس پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 16 رنز بناکر سیم کرن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے، بی جے واٹلنگ اور ڈیرل مچل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 315 تک پہنچا دیا، بی جے واٹلنگ 55 رنز بناکر سٹورٹ براڈ کا نشانہ بن گئے، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے ڈیرل مچل 73 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر جوفرا آرچر کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، مچل سینٹنر 23 ، ٹم سائودی 18 اور نیل ویگنر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 375 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔، سٹورٹ براڈ نے 4، کرس ووکس نے 3 اور سیم کرن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام پر 2 وکٹوں پر 39 رنز بنا لئے، روری برنز 24 اور کپتان جو روٹ 6 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔