موڑکھنڈا (نامہ نگار) چار مسلح ڈاکوؤں کی لاہور جڑانوالہ روڈ پر الصبح ویگن مسافروں سے لوٹ مار۔ پولیس پہنچنے پر ڈاکوؤں اور پولیس میں مبینہ مقابلہ، چالیس سے زائد وارداتوں میں مطلوب ڈاکو گلو موہل ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک۔ چھینے گئے موبائل اور نقدی برآمد۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ روز سب انسپکٹر محمد آصف اولکھ تھانہ مانگٹانوالہ کودوران گشت اطلاع ملی کہ لاہور جڑانوالہ روڈ پر چار مسلح ڈاکو اسلحہ کے زور پر ویگن کے مسافروں سے گن پوائنٹ پر لوٹ مارکر رہے ہیں جس پر پولیس اہلکار موقع واردات پر پہنچے تو پولیس کوآتے دیکھ کر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر لنک روڈ پر1چک کی جانب فرار ہو گئے۔ پولیس نے ڈاکوئوں کا تعاقب جاری رکھا تو ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس پرپولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ کچھ دیر بعد فائرنگ بند ہو گئی تو پولیس اہلکاروں نے قریب جاکر دیکھا تو ایک مسلح شخص جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے دریافت پر اپنا نام یعقوب عرف گلو موہل سکنہ کھیاڑے کلاں بتایا جو کہ کئی تھانوں کی پولیس کو چالیس سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا۔ جوکہ ہسپتال جاتے ہوے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوے دم توڑ گیا جبکہ اس کے باقی ساتھی فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے دوران تلاشی مسافروں سے چھینے گئے سولہ موبائل اور نقدی برآمد کر لی۔