لاہور(سپورٹس رپورٹر)سپورٹس بورڈ پنجاب کی بوائز اور گرلز اتھلیٹکس ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور میں ہونیوالی بین الصوبائی انڈر16اتھلیٹکس چیمپئن شپ 2020ء جیت لی، بوائز 120جبکہ گرلز 80 پوائنٹس لے کر سرفہرست رہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے اتھلیٹس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے پاکستان کے کھلاڑیوں سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ بوائز اتھلیٹس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام صوبوں سے سب سے زیادہ 120پوائنٹس حاصل کرکے فتح اپنے نام کی، خیبر پختونخوا 87 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بلوچستان 77 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔