چودھری نثار‘حنیف جالندھری‘  لیاقت بلوچ‘ امیر ہوتی کی شہباز شریف سے ملاقاتیں:  والدہ کے انتقال پر تعزیت

لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے جاتی امراء میں میاں محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور شریف برادران کی والدہ کے انتقال پر تعزیت و دعائے مغفرت کی۔ لیاقت بلوچ نے مزدور رہنما احسان چوہدری، مفتی سید عاشق حسین اور مہر بہادر خان جھگڑ کے صاحبزادوں کی تقریب ولیمہ میں شرکت کے مو قع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان سرکار ناکام ، نااہل اور ناکارہ ہے۔ حکومت کی نااہلی عوام کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھلی بغاوت پر تیارکر رہی ہے۔ ریاست کا ہر ادارہ بہت اہم اور قابل احترام ہے لیکن سیاست اور انتخابات میں مداخلت، انجینئرنگ اور مینجمنٹ اب جمہوریت پسند عوام کے لئے قابل قبول نہیں۔ زراعت قومی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن گندم، چاول،گنا، کپاس کے کاشتکار رل گئے ہیں۔ کھاد، بجلی، تیل، بیج، ز رعی ادویات کی ہوشربا گرانی زراعت کا دم نکال رہی ہے۔ حکومتی اعلانات سے کاشتکار کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مجرمانہ حرکات کرنے والی حکومت اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے عالمی دباؤ کے سامنے کسی وقت بھی ڈھیر ہو سکتی ہے۔ جو حکمران اپوزیشن کے پرامن جلسوں اور احتجاج کو برداشت نہ کر سکیں، وہ اقتدار پر زیادہ دیر نہیں رہ سکتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چودھری نثار گزشتہ روز جاتی امراء  میں پہنچے۔ انہوں نے شہباز شریف سے ملاقات میں انکی والدہ مرحومہ شمیم اخترکے انتقال پر تعزیت کی۔ چودھری نثار نے مرحومہ کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔  وفاق المدارس العریبہ  پاکستان کے نمائندہ وفد رائے  ونڈ میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات بھی۔ وفد نے میاں برادران کی والدہ مرحومہ کی وفات پر مسنون تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانامولانا حنیف جالندھری‘ ناظم وفاق المدارس پنجاب مولانا قاضی عبدالرشید‘ ناظم وفاق  المدارس خیبر پختونخواہ مولانا حسین احمد اور مہتمم جامعہ الخیر لاہور مولانا احمد حنیف جالندھری بھی شامل تھے۔ اے این پی کے رہنما امیر حیدر ہوتی کی قیادت میں وفد نے بھی جاتی امراء میں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اور ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

ای پیپر دی نیشن