کراچی (این این آئی) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ پیر کو انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 ملزمان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن، رئوف صدیقی، وسیم اختر اور قمر منصور کو بری کر دیا۔ ملزمان کے خلاف سہراب گوٹھ تھانے میں دو مقدمات درج تھے۔ سرکاری وکیل کی جانب سے ملزمان کو بری کرنے کی مخالفت کی گئی جس کو عدالت نے رد کر دیا۔ واضح رہے کہ عدالت نے11جنوری2020 ء کو ایم کیو ایم کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار، سینئررہنما عامر خان، وسیم اختر، خواجہ اظہار الحسن اور محمد جاوید پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔