ننکانہ صاحب، لاہور (نمائندہ خصوصی، خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار) سکھ مذہب کے بانی و روحانی پیشوا بابا گورو نانک کے 551ویں جنم دن کی خوشی میں بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنیوالے ہزاروں سکھ یاتریوں نے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب سے گورو گرنتھ کا جلوس نکالا۔ جلوس میں بابا گورو نانک کے ہزاروں عقیدت مند ہندوئوں نے بھی شرکت کی۔ جلوس کے آگے پانچ سکھ نیلے رنگ کے کپڑے پہن کر پیلے جھنڈے اٹھا کر چل رہے تھے جبکہ ان کے پیچھے پانچ پیارے ننگی تلواریں سونت کر چل رہے تھے۔ اس موقع پر پھولوں سے لدی ہوئی ایک بس میں چاندی کی پالکی جس میں گورو گرنتھ رکھا ہوا تھا جو جلوس کے ساتھ آہستہ آہستہ چل رہی تھی۔ جلوس میں شامل نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے بینڈ باجے کی دھن پر بھنگڑا، لڈی ڈالی۔ سکھ یاتری بار بار "جو بولے سونہال" "ست سری اکال "اور واہے گورو جی کا خالصہ ـ" "واہے گورو جی فتح" کے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔ سکھ خواتین کی بہت بڑی تعداد عقیدت و احترام کے طور پر ننگے پائوں چل رہی تھیں۔ سکھ یاتریوں پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ جلوس میں پھل، مٹھائی اور جوس تقسیم کیا گیا۔ ضلعی حکومت کی طرف سے جلوس کی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ کرونا وائرس سے بچائو کے لیے یاتریوں میں فیس ماسک فری تقسیم کیے گئے اور انہیں سینی ٹائز کیا گیا۔ پاکستان، سکھ مسلم دوستی زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔ مہمانوں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ باباگورو نانک نے پیار و محبت، امن و آشتی اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بابا گورو نانک دیو جی کے551ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں نگر کیرتن کے جلوس سے پہلے گورودوارہ جنم استھان میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پارلیمانی امور سردار مہندر پال سنگھ، صوبائی وزیر اقلیتی امور اوجاز عالم، چیئرمین نیشنل کمیشن برائے منیارٹی چیلا رام، چیئرمین پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی سردار ستونت سنگھ، چیئرمین پنجابی سکھ سنگت سردار گوپال سنگھ چاولہ، بھارتی سکھ یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار امرجیت سنگھ سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر، ایڈیشنل سیکرٹری شرائن طارق وزیر، ڈپٹی سیکرٹری شرائن سید فراز عباس، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک اور سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اپنے ملک میں فسطایت اور ہند وازم کو فروغ دے رہی ہے جو اس کے نام نہاد سیکو لرازم پر سیاہ دھبہ ہے۔ بھارت اپنے ملک کی تمام اقلیتوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے سے باز رہے۔کرتار پور راہداری کو کھولا جبکہ اس سلسلہ میں بھارتی حکومت نے کوئی مثبت اقدام نہیں کیا۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ڈاکٹر عامر احمد نے پو ری سکھ و قوم کو بابا گورو نانک کے جنم دن کی مبارک باد دیئے ہو ئے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے عین مطابق آپکی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ بھارتی یاتریوں کے پارٹی لیڈر سردار امر جیت سنگھ اور ہرپال سنگھ نے مہمانوں کے لیے اعلی انتظامات پر حکومت کی تعریف کرتے ہو ئے کہا کہ ہمیں یہاں آ کر جو عزت و پیار ملا اسکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ بھارت میں یہاں کے حالات بارے جھوٹا پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ اور سردار امیر سنگھ نے کہا کہ سکھوں کو روک کر بھارت نے گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا۔ وہاں پر اقلیتوں پر ظلم جبکہ پاکستان میں عزت و پیار ملتا ہے اور مسلمانوں کا پیار محبت دنیا بھر میں مشہور ہے۔
ننکانہ میں گورو گرنتھ کا جلوس، بھارت اقلیتوں پر ظلم سے باز رہے: نورالحق قادری
Dec 01, 2020