ظفراﷲ جمالی کی حالت نازک، انتقال کی غلط معلومات پر صدر کی معذرت

Dec 01, 2020

اسلام آباد (وقائع  نگار خصوصی) پیر کی شب  الیکٹرانک میڈیا پر سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی کی صحت کے حوالے  سے ٹیلی کاسٹ ہونے والی  ایک خبر نے ان کے احباب میں تشویش اور پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ فوری طور میر ظفر اللہ خان جمالی کی نواسی سینیٹر ثناء جمالی نے اس خبر کا نوٹس لیا اور وضاحت جاری کر دی کہ ظفر اللہ خان جمالی حیات ہیں۔ انہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل ہے۔ پیر کو سینیٹر ثناء جمالی  نے بتایا کہ میر ظفر اللہ جمالی ملٹری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ظفر اللہ جمالی کی صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل  ہے۔ سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں، میر ظفر اللہ جمالی کے دل کی دھڑکن118 ہے۔ میر ظفر اللہ جمالی کا بلڈ پریشر 90، 60 ہے۔ صدر مملکت عارف علوی کے ٹویٹر اکائونٹ سے میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال سے متعلق بیان جاری  کر دیا گیا  تاہم صدر نے انتقال کی غلط اطلاع ملنے پر فوری طور  تعزیتی بیان ڈیلیٹ کردیا ۔صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی ویٹی لیٹر پر ہیں، غلط معلومات پر کیا گیا اپنا ٹویٹ ہٹا دیا ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ میر ظفر اللہ خان جمالی کے اہل خانہ سے معذرت خواہ ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عمر جمالی سے بات کی جنھوں نے بتایا کہ ظفر اللہ جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی میر ظفراللہ جمالی کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ اس کے بعد دل کے عارضے کے باعث ہسپتال میں داخل ہونے والے سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے انتقال کے حوالے سے افواہیں گردش کر تی رہیں۔ میر ظفراللہ خان جمالی کو گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پر راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) میں داخل کیا گیا تھا، جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔ پیر کی شام  بعض ٹی وی چینلز نے  ان کے انتقال کرجانے کی افواہیں گردش کرنے لگیں جس پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت مختلف سیاسی رہنمائوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔اس کے بعد میر ظفر اللہ جمالی کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیل گئی اور ان کے اہلخانہ کو ان خبروں کی تردید کرنا پڑی۔ اے ایف آئی سی ذرائع نے  بھی  سابق وزیراعظم کے زندہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدستور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں نے عمرجمالی سے بات کی جنھوں نے بتایا کہ ظفراللہ جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ تعالی میر ظفراللہ جمالی کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ ادھر میر ظفر اللہ جمالی کے خاندان نے بھی ان کے انتقال کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ وہ وینٹی لیٹر پر ہیں اور قوم ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرے۔ بعدازاں میرظفر اللہ جمالی کے انتقا ل کی خبر چلانے والے ٹی وی چینلز نے بھی بعد ازاں معذرت کر لی۔ سابق وزیراعظم کو رواں سال مئی میں بھی کرونا ہوا تھا، اس کے علاوہ وہ گردوں کی بیماری اور عارضہ قلب میں بھی مبتلا  ہیں۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلوچستان  میر عمر خان جمالی  اورمیڈیا سیل جمالی ہائوس روجھان جمالی کی جانب سے جاری  بیان میں کہاگیا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان الحاج میر ظفر اللہ خان جمالی کے انتقال کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ میر ظفر اللہ خان جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں قوم سے ان کی صحتیابی کیلئے دعائوں کی درخواست کی جاتی ہے۔ واضح  رہے کہ سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944 ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ضلع نصیرآبادکے علاقے روجھان کے سیاسی خانوادے سے  ہے ۔ میر ظفر اللہ جمالی نے سیاسی کیریئرکا آغاز 1970 میں کیا اور پہلی بار 1970 کے جینڈر الیکشن میں حصہ لیا۔میر ظفراللہ خان جمالی ملک کے 15 ویں وزیراعظم رہے ہیں، وہ 23 نومبر2002 ء سے 26 جون2004 ء تک وزیراعظم رہے۔

مزیدخبریں