اسلام آبادوقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیارنے کہاہے کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں بیرونی معاونت سے 30 ارب ڈالرکے منصوبوں کو عملی جامہ پہنایا جارہاہے، مستحکم ،پرامن اورخوشحال پاکستان کیلئے امریکا کی اقتصادی تعاون کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان اورامریکا کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ بحال ہونا چاہئیے۔ انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامورانجلا اگیلیر سے ورچوئل خیرسگالی ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال ہوا، فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک اوراقتصادی شراکت داری کی اہمیت پرزوردیا۔امریکی ناظم الامورنے کورونا وائرس کی عالمگیروباکامقابلہ کرنے پرپاکستان کی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی،انہوں نے پاکستان کی حکومت کی جانب سے بیرونی معاونت کے بہتراستعمال کیلئے اٹھائے جانیوالے حالیہ اقدامات پرروشنی ڈالی اوریقین دلایا کہ امریکا پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔وفاقی وزیراقتصادی امورنے کورونا وائرس کی وبا سے لڑنے کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیادپرپاکستان کے ساتھ معاونت پرامریکی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے امریکی ناظم الامورکوبتایا کہ اس وقت پاکستان میں بیرونی معاونت سے مختلف شعبوں میں 30 ارب ڈالرکے منصوبوں کوعملی جامہ پہنایا جارہاہے، وفاقی وزیرنے 2010 سے لیکراب تک 4.2 ار ب ڈالر مالیت کے پاکستان توسیعی پارٹنرشپ ایگری منٹ کی بھی تعریف کی۔وفاقی وزیرنے جاری منصوبوں کو جلدازجلدمکمل کرنے کی ضرورت پرزوردیا اورکہاکہ خرچ نہ ہونے والے یا باقی بچ جانیوالے فنڈز کودیگرترجیحی شعبوں جیسے بلین ٹری سونامی، ماحولیاتی تبدیلی، کم لاگت گھروں اورخیبرپختونخوامیں ضم ہونے والے سابق قبائیلی علاقوں کیلئے مختص کئے جاسکتے ہیں۔مخدوم خسروبختیارنے دونوںممالک کے درمیان شراکت داری کومضبوط بنانے پرزوردیا اورکہاکہ پاکستان اورامریکا اقتصادی شراکت داری کے زریعہ افغانستان کے راستے وسطی ایشیا تک رسائی کے ذریعے عظیم علاقائی استحکام میں اپنا کرداراداکرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت خیبرپاس اقتصادی راہداری اورکاسا1000 جیسے منصوبوں کیلئے مالی معاونت فراہم کررہی ہے، علاقائی رابطوں کیلئے یہ اہمیت کے حامل منصوبے ہیں، انہوں نے علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے مزیدمالیاتی وسائل مختص کرنے ، اس ضمن میں نجی شعبہ کوشامل کرنے اورامریکا کے ڈولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے کردار کی اہمیت پربھی روشنی ڈالی۔مخدوم خسروبختیارنے پاکستان اورامریکا کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کی بحالی کی اہمیت پربھی زوردیا۔
امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامورانجلا اگیلیر کی خسروبختارسے ورچوئل خیرسگالی ملاقات
Dec 01, 2020