اسلام آباد ( جاوید صدیق) پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولائی گوئے نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں رومانیہ کا ایک اہم پارٹنر ہے۔ رومانیہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کامیاب جنگ کو سراہتا ہے۔ رومانیہ کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی، انتہا پسندی اور عسکریت پسندی کیخلاف کامیاب کوششیں کی ہیں۔ توقع ہے کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف بین الاقوامی جنگ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ نکولائی گوئے نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستانی معیشت نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پاکستان اور رومانیہ نے دو طرفہ ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ اس ضمن میں پاک بحریہ اور رومانیہ کے درمیان تعاون کا ذکر ضروری ہے۔ رومانیہ نے پاکستان کی بحریہ کے لئے دو پیٹرول بوٹس تیار کئے ہیں اور مستقبل میں مزید دو پیٹرول بوٹس تیار کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاک رومانیہ تعلقات میں فعالیت پیدا ہوئی ہے۔ پاکستان اور رومانیہ جہاز سازی، ایرونوٹکس اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں تعاون کر رہے ہیں۔ ثقافتی شعبہ میں بھی پاک رومانیہ تعاون بڑھا ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان کے قومی شاعر علامہ اقبال اور رومانیہ کے قومی شاعر می ہائی ایمرنسو کی یادگار تعمیر کی گئی ہے۔ پاکستان کامرہ ایرو ناٹیکل کملیکس اور بخارسٹ کی پولی ٹیکنیک یونیورسٹی کے درمیان بھی سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں۔ رومانیہ پاکستان کے طلباء کو اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف بھی دے رہا ہے۔
پاکستان نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف کامیاب کوششیں کی ، نکولائی گوئے
Dec 01, 2020