لاہور (نیوز رپورٹر) حسان خاور نے زیر تعمیر گلاب دیوی انڈر پاس منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور پیکج کا حصہ ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ تحریک انصاف شہروں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے۔ منصوبے پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی تکمیل سے جہاں ٹریفک جام سے نجات ملے گی وہیں مریضوں کو علاج کیلئے بروقت ہسپتال پہنچنے میں بھی آسانی ہوگی۔ حسان خاور نے کہا کہ یہاں سے روزانہ قصور جانے والی ڈیڑھ لاکھ سے زائد گاڑیوں کو سگنل فری کوریڈور کی سہولت میسر آئے گی اور ساڑھے 5 کروڑ سالانہ فیول کی بچت بھی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلاب دیوی انڈر پاس و فلائی اوور منصوبہ کا تخمینہ پونے 2 ارب روپے ہے۔ فروری میں مکمل ہونا تھا لیکن اس کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کرتے ہوئے دسمبر میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈرپاس منصوبے کا 98 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ فلائی اوور کا کام بھی 85 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ منصوبے سے کنسٹرکشن کاسٹ میں 12 ملین روپے کی بچت ہوگی۔ صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ ن لیگ والے آڈیو ویڈیوز کے ذریعے بڑی دیدہ دلیری سے جرائم کا اعتراف کر کے قانون کو للکارتے ہیں۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ ہم ملک کے اندر سے کرپشن کو ختم کر کے احتساب کا عمل آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاسی بیماروں کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا۔
گلاب دیوی انڈر پاس‘ فلائی اوور کا 98 فیصد کام مکمل ہو گیا: حسان خاور
Dec 01, 2021