لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چٹاگانگ ٹیسٹ میں فتح حاصل کرلی۔گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا جانیوالا 202رنز کا ہدف 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میچ کے آخری روز جب پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو اس کی پہلی وکٹ 151 رنز پر گرگئی اور عبداللہ شفیق 73 رنز بناکر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 171 رنز پر گری اور عابد علی نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر 91 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ عابد علی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے پہلی اننگز میں 133 اور دوسری میں91 رنز بنائے۔اوپنر کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابراعظم اور اظہر علی نے ٹیم کو فتح دلائی۔بابراعظم 13 اور اظہر علی 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے تیج الاسلام اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ لی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں157رنز پر آئوٹ ہو ئی تھی‘ پہلی اننگز میں 330 رنز بنائے تھے ‘ پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر سے شرو ع ہوگا۔پاکستان ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کا پہلا نمبر ہے، پاکستان نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت3 میچ کھیلے، 2 جیتے اور ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت 2 سیریز جیتیں، پوائنٹس ٹیبل پر بھارت کا تیسرا اور ویسٹ انڈیز کا چوتھا نمبر جبکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔