پشاور+اسلام آباد (بیورو رپورٹ+نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومت کون ہوتی ہے از خود دہشتگردوں سے مذاکرات کرنے والی، مذاکرات کیلئے پارلیمان کو اعتماد میں لینا چاہیے، دہشت گردوں سے بات چیت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ پشاور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس میں ملوث دہشت گردوں کے ساتھ حکومت چھپ چھپ کر مذاکرات کر رہی ہے، صدر، وزیراعظم، وزیرخارجہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا اعلان کر رہے ہیں، یہ کون ہوتے ہیں ازخود دہشت گردوں سے مذاکرات کرنے والے؟ ناکام ترین حکومت پاکستان کے مستقبل کے ساتھ کھیل رہی ہے، مذاکرات رات کے اندھیروں میں نہیں ہوتے۔ ملکی عوام اور پارلیمان کی اجازت کے بغیر یہ دہشت گردوں کے سامنے جھک گئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بہادر عوام نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، دنیا افغانستان میں ناکام ہوئی، ایبسولوٹلی ناٹ کہنے والا کلبھوشن یادیو کو این آر او دینے کی کوشش میں ہے، بھارتی جاسوس کے لیے رات کے اندھیرے میں آرڈیننس بھیجا گیا، بھارتی جاسوس کو این آر او دلوانے کے لیے پارلیمان کو استعمال کرنا چاہتے ہیں، کلبھوشن کے این آر او کی مخالفت سڑکوں، عدالتوں میں بھی کریں گے۔ سلیکٹڈ حکومت جمہوری، انسانی، معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے، آپ ہمارا ساتھ دیں ہم ان کی ساری سازشوں کو ناکام کروائیں گے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ اضافے کو رد کرتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں گیس نہیں ہوگی۔ حکومت کی نالائقی کی مذمت کرتے ہیں، کب تک ان کی نالائقی کا بوجھ اٹھائیں گے، مطالبہ کرتے ہیں عوام دشمن آئی ایم ایف ڈیل سے نکلو۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ ایسی قانون سازی کررہے ہیں پاکستان کا سٹیٹ بینک پاکستان نہیں عالمی اداروں کا غلام ہو گا، مرکزی بینک کو عالمی مالیاتی ادارے کا غلام بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، سٹیٹ بینک قوانین کو رد کرتے ہیں۔ زبردستی ای وی ایم مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم صاف اور ستھرا الیکشن چاہتے ہیں، ای وی ایم کو رد کرتے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے نام پر اوورسیز پاکستانیوں سے گیم کھیلا جارہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندے پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔ یہ الیکشن میں دھاندلی اور اوورسیز کے ووٹوں کو کم کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین سالوں میں پی ٹی آئی آئی ایم ایف ڈیل کی مخالفت کر رہے ہیں، آئی ایم ایف ڈیل عوام دشمن ڈیل ہے، عوام سے اپیل کرتا ہوں ہمارا ساتھ دو، غریب دوست معیشت لائیں گے، اس ملک کی معیشت کوکھڑا کرکے دکھائیں گے۔ جب سے پیپلزپارٹی کی حکومت ختم ہوئی تب سے معیشت عوام دشمن بن چکی ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی پروگرام شروع کیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ شہید جمہوریت محترمہ شہید کی جماعت کا یوم تاسیس مبارک ہو۔ سلیکٹڈ نے کہا تھا پیپلزپارٹی کا جلسہ پشاورمیں نہیں ہوگا، انتظامیہ نے جلسے کی اجازت نہیں دی، دیکھ لو سلیکٹڈ پورے کا پورا پشاور جلسے میں موجود ہے، کاغذی وزیراعلیٰ کو پشاور کی عوام نے رد کردیا ہے۔
دہشت گردوں سے بات چیت تسلیم نہیں کر ینگے، قوم نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا: بلاول
Dec 01, 2021