ریسکیو 1122نے پنجاب کالجز کے 60 فیکلٹی ممبران کوبطور ٹرینرز تربیت فراہم کی

Dec 01, 2021

لاہور(نامہ نگار)پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ریسکیو 1122 نے دوروزہ تربیتی پروگرام کے دوران پنجاب کالجز کے 60 فیکلٹی ممبران کو پاکستان لائف سیورز پروگرام کے تحت بطور ٹرینرز تربیت فراہم کی تاکہ وہ کمیونٹی کی سطح پر ہنگامی صورت حال میں ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے قابل ہو سکیں۔ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کے 14 ماسٹر ٹرینرز نے پنجاب کالج کے عملے کو تربیت دی جو اپنے ادارے کی تمام شاخوں میں دیگرفیکلٹی ممبران اور طلباء کو تربیت فراہم کریں گے۔ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے مقامی کالج میںتربیتی سیشن کی صدارت کی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا نوجوانوں خصوصاً تعلیمی اداروں کے لیے آن لائن تربیت حاصل کرنے کیلئے ریسکیو ایپلیکیشن کا آغاز کیاگیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریسکیو سروس اپنے کمیونٹی ٹریننگ پروگرام کے ذریعے پاکستان میں ایک محفوظ معاشرہ کے قیام کیلئے مکمل طور پرپْرعزم ہے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کالجز کی انتظامیہ کوماہرین تعلیم کیلئے زندگی بچانے کی مہارتوں پر مبنی تربیتی پروگرام کے انعقادپر خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں