منڈی بہاؤ الدین: عدالت میں ہلڑبازی‘ صورتحال قابو نہ کرنے ر ڈی پی او‘ ڈی ایس پی تبدیل

Dec 01, 2021

لاہور+ منڈی  بہاء الدین  (نامہ نگار+ اپنے  نامہ نگار سے) ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر ایجوکیٹرز کی بھرتیوں پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی سی منڈی بہاؤالدین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری وضاحت سمیت  طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد وحید نے رفاقت علی و دیگر کی درخواستوں پر عبوری تحریری حکم جاری کیا۔ جس میں عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی حکم کے برعکس جواب جمع کرانے پر کیوں نہ ڈی سی منڈی بہاؤالدین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عبوری حکم کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا ڈی سی منڈی بہاؤالدین کا فیصلہ پیش کیا جو عدالتی حکم کے برعکس ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او منڈی بہاؤ الدین اور ڈی ایس پی محمد شبیر کو تبدیل کر دیا ہے۔  منڈی  بہاء الدین  سے نامہ نگار کے مطابق  منڈی بہاء الدین میں عدالت میں ہلڑ بازی اور جج سے بدتمیزی کے معاملہ پر صورتحال پر قابو نہ پانے پر ڈی پی او کو فوری تبدیل کر دیا گیا۔ ڈی پی او ساجد کھوکھر کو فوری طور پر سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت‘ ایس پی انویسٹی گیشن منڈی انور سعید کنگز کو ڈی پی او کا اضافی چارج دے دیا گیا۔ ڈی ایس پی  منڈی بہاء الدین محمد شبیر اعوان کو  بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ محمد شیر اعوان کو فوری  ہٹا کر ہیڈ کوارٹر کلوز کر دیا گیا۔ حکومت پنجاب نے ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین طارق علی بسرا اور اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ کو تبدیل کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا کو تبدیل کرکے ان کی جگہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو احسان الحق ضیا کو ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین کا عارضی چارج سونپ دیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر امتیاز بیگ کو تبدیل کرکے لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناء چیف جسٹس ہائیکورٹ آج صارف عدالت منڈی بہائوالدین کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کریں گے۔ ڈسڑکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے  صارف عدالت کے جج راو عبدالجبار کی عدالت کا گھیراؤ کیا، صدر بارکو توہین عدالت کا نوٹس دینے کے معاملہ پر جج کوکام کرنے سے روک دیا گیا۔ پولیس کی نفری موقع پرپہنچ گئی، بار ایسوسی ایشن نے جج کے تبادلہ تک صارف عدالت کا بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ یہ بات صدر بار زاہد یارگوندل نے میڈیا کو بتائی۔ انہوں نے کہاکہ جب تک جج موصوف یہاں تعینات رہیں گے اس وقت تک کوئی وکیل انکی عدالت میں پیش نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں