کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے کراچی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے اطراف سڑکوں کی بندش کے خلاف اہل علاقہ کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔ منگل کو کراچی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کے اطراف سڑکیں اورگلیاں بندکرنے کے خلاف اہل علاقہ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سندھ ہائیکورٹ میں درخواست 23 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے،فوری سماعت سے متعلق درخواست عرفان عزیزایڈووکیٹ نے دائرکی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فوڈاسٹریٹ کے لیے ہماری گلیوں کوبند کردیا گیا ہے،جس کی وجہ سے آمدورفت شدید متاثرہوئی ہے جبکہ رات کے اوقات میں ایمبولینس کو بھی گزرنے کیلئے راستہ نہیں ملتا ہے۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ جنوبی نے 10 جنوری 2021 سے کراچی میں برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ شام 7 بجے کے بعد برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو صرف پیدل چلنے کے لیے مختص کردیا گیا ہے۔
برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ
برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ‘ سڑکوں کی بندش کیخلاف درخواست سماعت کے لیے منظور
Dec 01, 2021