راولپنڈی(جنرل رپورٹر ) چیئرمین ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل زیڈاے راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں ہرسطح پر صاف، شفاف انتخابات کیلئے حکومت ، اپوزیشن مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کریں اور ایسے قواعد و ضوابط بنائے جائیں جن پر دیانتدارانہ عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے تاکہ جمہوریت کی ساکھ بحال ہو ، دھاندلی کے روایتی الزامات سے بچنے اور سیاسی استحکام کیلئے قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سیدحامدعلی شاہ موسوی کے وژن کے مطابق فرقہ وارانہ، لسانی اور گروہی پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے، سیاسی جماعتوں کی طرح مذہبی تنظیموں کا بھی احتساب کیاجائے جس کیلئے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پہلے بھی اپنے آپکو پیش کرچکی ہے، اس امر کا اظہار انہوں نے ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے مرکزی دفتر ایقان ہاؤس نیول اینکرج میں اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،زیڈ اے راجہ نے سیاسی رسہ کشی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں ہونے والے انتخابات میں ڈھونس، دھاندلی اور ووٹوں کی خرید و فروخت اور انتخابی بدعنوانیوں جیسے الزامات اور شکوک و شبہات سیاسی بدقسمتی ہے جسکا سلسلہ آج بھی جاری ہے جسکی وجہ جمہوری اصولوں پر پوری طرح عملدرآمد نہ ہونا ہے،غیر جمہوری قوتیں اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتی ہیں اور سیاسی نظام عدم استحکام سے دوچار رہتا ہے ۔