اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے سوئی سدرن گیس کمپنی ملازمین کی مستقلی کیس لارجر بنچ کے سامنے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ لارجر آج سماعت کرے گا۔ گیس کمپنی ملازمین کے وکیل فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ زیر بحث ملازمین کو 1993ء میں بھرتی کیا گیا، حکومت نے ڈیلی ویجرز سمیت کنٹریکٹ پر رکھے ملازمین کی مستقلی کی پالیسی بنائی۔ ملازمین کی مستقلی کی پالیسی پر عمل نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ نے سوئی سدرن کے کیسز میں کچھ ملازمین کو مستقل کیا کچھ کو نہیں، بہتر ہے سپریم کورٹ موجودہ کیس میں اس قانونی ابہام کو ایک ہی بار دور کر دے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی میں ملازمین سے کنٹریکٹ کے بغیر لمبے عرصے تک ملازمت کرائی گئی۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کیس کو لارجر بنچ میں سن کر فیصلہ کریں گے۔ کیس کی مزید سماعت آج دن ایک بجے لارجر بنچ کرے گا۔