کیف؍ واشنگٹن ؍ ماسکو (این این آئی+ اے پی پی) نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) کے وزرائے خارجہ نے زور دے کر کہا ہے کہ یوکرائن کے علاقوں پر روس کے قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے جنہیں روس نے گزشتہ اکتوبر میں الحاق کیا تھا۔ ان میں لوہانسک اور ڈونیٹسک کے علاوہ زپوریزیا اور کھیرسن شامل ہیں۔ انہوں نے کیف کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے اور اس کے بنیادی ڈھانچے کی اصلاح میں مدد کرنے کے لیے کام جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے یوکرین کی آزادی کے لیے اپنے عزم کی تجدید بھی کی۔ نیٹو کے وزرائے خارجہ نے مزید کہا کہ وہ اور ان کے اتحادی یوکرین کے شہریوں کو میزائل حملوں سے بچانے کے لیے کام کریں گے۔ قبل ازیں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز سٹولٹنبرگ نے اعلان کیا کہ نیٹو ممالک مزید فضائی دفاعی نظام کے ساتھ کیف کی حمایت کریں گے اور یوکرینی افواج کو جدید ترین ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت دیں گے۔ امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام فراہم کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔ پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ ریڈر نے کہا کہ ہم اس حوالے سے بات چیت جاری رکھیں گے۔ روسی قومی سلامتی کونسل کے نائب چیئرمین دمتری میدویدیف نے کہا ہے کہ نیٹو کی پیٹریاٹ سسٹم کی فراہمی کیف کو روسی مسلح افواج کے لیے ایک جائز ہدف بنا دے گی۔
یو کرا ئنی علاقوں پر روس کا قبضہ تسلیم نہیں کریں گے: نیٹو
Dec 01, 2022