اسلام آباد(وقائع نگار)انسدادمنشیات کی خصوصی عدالت کے جج واجد علی کی عدالت نے اینٹی نارکوٹکس فورس تھانہ اے این ایف اسلام آباد میں درج مقدمہ میں جرم ثابت نہ ہونے پر نامزدتین ملزمان زائد اللہ، ساجد خان اور لائق زادہ کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔دوران سماعت ملزمان کے جانب سے دانش اکبر خان ایڈوکیٹ عدالت پیش ہوئے اور دلائل دیئے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا اور مقدمہ میں لگائے جانے والے الزامات کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، تینوں نامزد ملزمان بے گناہ ہیں۔استدعا ہے کہ بری کیاجائے، وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے زائد اللہ، ساجد خان اور لائق زادہ کو بری کرنے کاحکم سنادیا۔ملزمان کے خلاف جون 2020 میں اینٹی نارکوٹکس فورس تھانہ اسلام آباد میں نائن سی میں 12 کلو چرس سمگلنگ کامقدمہ درج کیاگیاتھا۔