پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ آج ہو گا یا کل ، حتمی اعلان صبح ساڑھے سات بجے کیاجائیگا

Dec 01, 2022


اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اورانگلینڈکے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ آج شروع ہوگا یاکل، اس بات کاحتمی اعلان آج صبح ساڑھے سات بجے تک کردیاجائیگا، میچ تاخیر کاشکارہونے کی صورت میں بھی پانچ روزہ ہی ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈحکام کااجلاس ہوا، جس انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کھلاڑیوں میں وائرل انفیکشن کے پھیلنے پر تبادلہ خیال کیاگیا اور متفقہ طور پر آج جمعرات کو شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے آغاز کے فیصلے کوموخر کرنے پر اتفاق کیا جس کااعلان آج صبح 07:30بجے تک کیاجائیگا۔ دونوں بورڈز نے یہ فیصلہ انگلینڈ کے ڈاکٹروں کے طبی مشورے کی بنیاد پر کیا، اس بات پراتفاق کیاگیاکہ اگر انگلینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پہلے میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا انتخاب کرنے کے قابل ہوئی تو میچ آج شروع ہوگا اوراگر انگلینڈ کے کھلاڑی آج بروز جمعرات کی صبح میدان میں اترنے کیلئے مکمل صحت یاب نہ ہوئے تو پھر ٹیسٹ میچ جمعہ کو شروع ہوگا لیکن پھربھی یہ پانچ روزہ میچ ہی ہوگا۔ ملتان میں دوسرے اور کراچی میں تیسرے ٹیسٹ کا شیڈول متاثرنہیں ہو گا۔ ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے مزید معلومات بھی (آج)جمعرات کی صبح شیئر کی جائیں گی۔علاوہ ازیںپاکستان اور انگلینڈکے کرکٹ سیریز کیلئے پریکٹس سیش کے آخری روز بھی سٹیڈیم اور ٹیموں کے روٹ کی سخت سیکورٹی کی گئی سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کر نے کیلئے پہنچے ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان، ایس پی راول، ایس پی صدر، ایس پی سیکورٹی اور یگر سینئر افسران بھی موجود ہیں۔ پریکٹس سیشن کے دوران راولپنڈی پولیس کے 3ہزارافسران واہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ سی پی او نے انٹری گیٹس، پارکنگ،ملحقہ عمارتوں ، مارکیٹوں اور دیگر اہم مقامات کی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیاڈیوٹی پر مامور افسران الرٹ ڈیوٹی کو یقینی بناتے ہوئے اردگرد کے ماحول او رمشکوک افرا د پر کڑی نظر رکھیں ٹیمز اورمیچز کی سیکورٹی کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا۔

مزیدخبریں