انگلینڈ بابر اعظم کی وکٹ لینے پر ’خصوصی توجہ دے گا: جیمز اینڈرسن

Dec 01, 2022

ملتان (سپورٹس ڈیسک) تیز گیند باز جیمز اینڈرسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ڈیڈ پچوں پر باؤلنگ کے امکان کے باوجود جارحانہ انداز جاری رکھیں گے جسے انگلینڈ نے حال ہی میں اپنایا ہے۔ اینڈرسن پاکستان میں 2005ء میں انگلینڈ کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے واحد کھلاڑی ہیں، وہ اس وقت نہیں کھیلے تھے، 40 سالہ کھلاڑی جمعرات سے شروع ہونیوالے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے حملے کی قیادت کریں گے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کم اور سست پچوں پر ان کا ہدف کیا ہوگا، اینڈرسن نے جواب دیا: "وکٹیں لینا"۔ اپنی عمر کے باوجود، اینڈرسن بین اسٹوکس اور برینڈن میک کولم کی نئی قیادت میں انگلینڈ کی سات میں سے چھ کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں۔اینڈرسن نے کہا کہ بین کے بطور کپتان اور برینڈن کو کوچ کے طور پر متعارف کروانے سے فیلڈ سیٹنگز اور پلانز کے لحاظ سے جو آپ فیلڈ میں استعمال کرتے ہیں ،باکس کے باہر سوچنے میں بھی مدد ملی ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اگلے چند ہفتوں میں باکس کے باہر تھوڑا سا سوچنا پڑے گا۔اینڈرسن نے کہا کہ ٹیسٹ جیتنے کیلئے 20 وکٹیں لینا ایک فن ہے۔ انہوں نے کہا کہ "چیلنج غیر ذمہ دار پچوں میں کچھ تلاش کرنے کی کوشش کر نا ہے، یہ ایک ٹیسٹ کرکٹر بننے کی مہارت ہے جو پوری دنیا میں کھیلتا ہے۔اینڈرسن نے کہا کہ وہ پاکستان واپس آکر بہت خوش ہیں۔ انگلینڈ پاکستان کے کپتان بابر اعظم پر خصوصی توجہ دے گا، جو دنیا کے ٹاپ بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ اینڈرسن نے کہا کہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ بابر کی وکٹ پاکستان کیلئے کتنی اہم ہے۔

مزیدخبریں