سوئس سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاروں کو تحفظ دیںگے،پرویز الہیٰ :لاہور کیلئے 513الیکٹرک بسوں کی منظوری

Dec 01, 2022


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر جارج سٹینر (Mr. Georg Steiner) نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات اور دوطرفہ تجارت میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور پن بجلی کے منصوبوں، ڈیری فارمنگ، موسمیاتی تبدیلیوں، سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سوئس سفیر نے پن بجلی کے منصوبوں میں پنجاب حکومت کو معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے دریائے چناب پر ہائیڈل پراجیکٹس بنانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ہائیڈل پراجیکٹس سے سیلاب سے ہونے والی تباہی سے بچا جا سکے گا اور ان پراجیکٹس کی تعمیر سے زرعی مقاصد کے لئے پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔ ہائیڈل پراجیکٹس کی تعمیر میں سوئٹزرلینڈ کی کمپنیوں کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے بین الاقوامی سطح پر مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سپیشل اکنامک زونز بنائے گئے ہیں۔ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ٹیکس کی چھوٹ کے ساتھ تمام یوٹیلٹیز سپیشل اکنامک زونز میں فراہم کی گئی ہیں۔ سوئس سرمایہ کار سپیشل اکنامک زونز میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، پنجاب حکومت مکمل سپورٹ فراہم کرے گی اور سرمایہ کاروں کی انوسٹمنٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سوئس کمپنیاں کارپوریٹ فارمنگ پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی اقدامات سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی منظرنامے پر اتار چڑھاو¿ آتے رہتے ہیں لیکن سرمایہ کارو ں کے لئے پالیسیوں میں یکسانیت رہتی ہے۔ سوئس سفیر نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو سوئٹزرلینڈ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایک اہم صوبہ ہے اورآپ کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ کاروباری معاونت بڑھانے کیلئے چودھری پرویز الٰہی کا ویژن قابل تحسین ہے۔ پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے پائیدار اقدامات کریں گے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت آفس میں پنجاب جرنلسٹ ہاو¿سنگ فاو¿نڈیشن بورڈ میں لاہور پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم فیز 2کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم فیز2 کیلئے تحصیل کینٹ میں اراضی دی جائے گی۔ آشیانہ ہاو¿سنگ سکیم میں 500کنال لاہور پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم فیز2 کیلئے مختص کیے جائیں گے۔ لاہور پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم فیز 2 میں 5،5مرلے کے پلاٹ دیئے جائیں گے۔ اجلاس میں لاہور پریس کلب میں بی بلاک میں غیر قانونی طورپر 15پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کی گئی اور وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بی بلاک کے حقداروں کو شفاف طریقے سے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم بی بلاک میں ناجائز قابضین سے قبضے واگزار کرائے جائیں اور بی بلاک کے متاثرین کو ان کا حق دلایا جائے گا۔ پرویزالٰہی نے فیصل آباد پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم کیلئے سفارشات طلب کرتے ہوئے کہاکہ فیصل آباد پریس کلب ہاو¿سنگ سکیم میں پانچ، پانچ مرلے کے 468پلاٹ دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے پنجاب جرنلسٹ ہاو¿سنگ فاو¿نڈیشن کے ذمے واجب الادا 35کروڑ سود معاف کردیا۔ پنجاب جرنلسٹ ہاو¿سنگ فاو¿نڈیشن نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو واجبات کی مد میں 35کروڑ روپے اداکرنا تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بتدریج جرنلسٹ ہاو¿سنگ سکیم لائیں گے۔ صحافیوں کیلئے اپنے گھر کا خواب پورا کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 19واں اجلاس ہوا جس میں لاہور میں 513ہائبرڈ/الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے لاہور فیڈر روٹ کے لئے مزید بسیں لانے کا پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دیا اور سپیڈو فیڈر بس سروس کی لاہور سے شیخوپورہ اور مریدکے تک توسیع کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کو بحال اور فعال کرنے کا حکم دیا اور پاکستان میٹروبس سسٹم راولپنڈی اسلام آباد کی بسوں کی تعمیر ومرمت اور نئی بسیں خریدنے کی منظو ری دی جبکہ بہاولپور سے لودھراں بس سروس آپر یشن جاری رکھنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور بہاولپور سے لودھراں روٹ کو جاری رکھنے کیلئے 12بسوں کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے 8سٹیشنز کی کمرشلائزیشن کی جائے گی۔ لاہور میٹرو بس سسٹم کی بسوں کی تعمیرومرمت کے معاہدے میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین سسٹم کی انشورنس کے فیصلے کی توثیق اور سی ڈی اے کو 15بسیں دینے کے فیصلے کی ایکس پوسٹ فیکٹو توثیق کی گئی۔ مزید برآں پرویز الٰہی نے کوئٹہ دھماکے کے کی شدید مذمت کی۔ 
پرویز الٰہی 

مزیدخبریں