پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی ترکچیم کیم شو یوریشیاء میں شرکت


لاہو ر( این این آئی)پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ایک اعلی سطحی وفد نے ترکچیم کیم شو یوریشیا اور انٹرڈائی اینڈ ٹیکسٹائل پرنٹنگ یوریشیا2022ء میں شرکت کی اور کیمیکلز کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ترکی کے تاجروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ وفد کے سربراہ پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی عبدالرحیم چغتائی تھے جبکہ ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر ثاقب فیاض، صدر پی ڈی سی ایم اے عبدالعزیز چغتائی، اسد خان، عبدالغفور، فرحان کھتری، رئوف کھتری اور شازب شامل تھے۔ استنبول کیمیکلز اینڈ پروڈکٹس ایسوسی ایشن کی چیف مس برکواوز نے وفد کا پرتپاک استقبال کیااور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ مس برکواوز نے کہا کہ دونوں ممالک کے پرائیویٹ سیکٹر کو کیمیکل کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہیے۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات وقت کی ضرورت ہیں۔ عبدالرحیم چغتائی نے وفد کا پرتپاک استقبال کرنے پر ایکسپوکے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور ترک وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ یہ بھی طے پایا کہ استنبول کیمیکلز اینڈ پروڈکٹس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن ایک ایم او یو پر دستخط کریں گے ۔

ای پیپر دی نیشن