قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے یورپی وفد کوکشمیریوں پر بھارتی مظالم سے آگاہ کیا: دفتر خارجہ


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان اور یورپی یونین نے سیاسی مذاکرات کا اگلا دور آئندہ برس اسلام آباد میں کرنے پر اتفاق کر لیا۔ ترجمان دفتر خارجہ  کے مطابق پاکستان۔یورپی یونین پولیٹیکل ڈائیلاگ کے آٹھویں دور میں قائم مقام سیکرٹری خارجہ جوہر سلیم اور یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اینریک مورا نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر آنے والے سیلاب کے متاثرین کے لیے یورپی یونین کی جانب سے فراہم کی جانے والی بروقت انسانی امداد کو سراہا۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے ڈپٹی سیکرٹری جنرل کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے بھارت پر زور دے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء  کے بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کا مقصد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ کو نقصان پہنچانا اور مقبوضہ علاقہ کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنا تھا۔ انہوں نے پاکستان کے اس مطالبہ کو دہرایا کہ مخاصمت کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے اور یوکرائن کے تنازع کا جلد از جلد سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے مذاکرات سے حل تلاس کیا جانا چاہئے۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے افغانستان کو درپیش پیچیدہ چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے افغان عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے عبوری افغان حکومت کے ساتھ بین الاقوامی برادری کی مستقل شمولیت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن