اسلام آباد(نا مہ نگار)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے کراچی کے صارفین کیلئے اکتوبر کے بل میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارج کی مد میں بجلی فی یونٹ 2 روپے 14پیسے سستی کر دی۔نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 2روپے 14پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے ہے اور یہ کمی اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے کراچی کے بجلی کے صارفین کو 3ارب 59کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔حکام نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 32روپے 96پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی، سی پی پی اے سے خریدی جانے والی بجلی کی قیمت 12روپے 1پیسے فی یونٹ تھی۔چیئرمین نیپرا نے سماعت کے دوران سوال اٹھایا کہ اکتوبر میں ڈیزل سے بجلی کیوں پیدا کی گئی، کیا اتھارٹی کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی پیشگی اطلاع دی گئی؟کے الیکٹرک کے حکام نے جواب دیا کہ بجلی کی پیداوار کے لحاظ سے قوانین پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔نیپرا اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرصدارت سماعت ہوئی، کے الیکٹرک نے پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں7روپے 83پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی۔نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک نے ایف سی اے کی مد میں1روپے 88پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست بھی کی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے مطابق اکتوبر کے ایف سی اے کی مد میں کمی 2روپے 15پیسے فی یونٹ بنتی ہے، کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اس کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا۔نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
کراچی صارفین کیلئے خوشخبری ، بجلی فی یونٹ 2 روپے 14پیسے سستی
Dec 01, 2022