یواو ای میں پی ایچ ڈی ،ایم فل پروگرامز میں چینی طلباء کیلئے آن لائن داخلہ تقریب

Dec 01, 2022

لاہور(سپیشل رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں ہیبی اکیڈمی آف فائن آرٹس، چین کی جانب سے پی ایچ ڈی اور ایم فل پروگرامز میں چینی طلباء کے لئے آن لائن داخلہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت مشترکہ طور پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) اور ہیبی اکیڈمی آف فائن آرٹس، چین کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ڑینگ ڑونگی نے کی۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں تاریخ، ثقافتی ورثہ، آثاریات اور فنون کے شعبوں میں چینی طلباء کا داخلہ دونوں اداروں کے درمیان رواں سال اپریل میں طے پائے جانے والے معاہدے کا نتیجہ ہے۔ ابتدائی طور پر 5 پی ایچ ڈی اور 8 ایم فل کے طلباء کو داخلہ دیا گیا۔یہ چینی طلباء  فروری 2023 میں اپنی تعلیم کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔تقریب سے خطاب کے دوران ہیبی اکیڈمی آف فائن آرٹس، چین کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ڑینگ ڑونگی نے دونوں اداروں کے درمیان اس علمی تعلق کی اہمیت پر زور دیا اور اسے دونوں ممالک کے مابین علمی تعلقات اور تبادلوں میں ایک سنگ میل قرار دیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے چینی طلباء کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے پاکستان میں آثار قدیمہ، تاریخ، آرٹس اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے دونوں برادر ممالک پاکستان اور چین کے مابین روابط پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے داخلہ لینے والے چینی طلباء کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے ان کی میزبانی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے قیمتی آثار قدیمہ اور تاریخی ورثے پر باہمی تحقیق کا ایک منفرد موقع ہے، جس سے ہمیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

مزیدخبریں