کراچی (نیوز رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ایم ایس پی ایچ ریسرچر ڈاکٹرعنیزہ پرویز ہاشمی نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔ جامعہ کے اپنا انسٹی ٹیوٹ برائے پبلک ہیلتھ کے پروگرام ماسٹرآف سائنس ان پبلک ہیلتھ(ایم ایس پی ایچ)کی ریسرچر ڈاکٹرعنیزہ پرویز ہاشمی نے اپنا انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ سائنسز کی سابق چیئرپرسن پروفیسر لبنی انصاری بیگ کی نگرانی میں اپنا تحقیقی کام مکمل کیا، ان کا موضوع کراچی کی طلاق یافتہ خواتین کو درپیش نفسیاتی اور جذباتی تجربات تھا۔ریسرچ ڈپارٹمنٹ اور ایڈوانسڈ اسٹڈیز ریسرچ بورڈ کی جانب سے منعقدہ تھیسس ڈیفنس کے موقع پر جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی کے کمیونٹی میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر مراد قادر اورشالیمار میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہورکے کمیونٹی میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر تحسین حیدر کاظمی نے بیرونی جبکہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈپارٹمنٹ آف کمیونٹی میڈیسن کے انچارج اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تفضل حیدر زیدی نے اندرونی ممتحن کا کردار اداکیا،اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسرڈاکٹر ہما شریف نیوٹرل چیئر کے طور پر موجود تھیں۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کیوائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے ڈاکٹرعنیزہ پرویز ہاشمی کو تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کرنے پر مبارکباد دی۔
JSMU ریسرچرڈاکٹرعنیزہ ہاشمی تحقیقی مقالہ کے دفاع میں کامیاب
Dec 01, 2022