اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں زیر سماعت سابق صدر زرداری، سابق وزیر اعظم نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس میں عدالت کو بتایا گیا کہ نواز شریف شامل تفتیش ہوگئے اور سوالنامہ کے جوابات بھی دے دئیے۔ عدالت نے سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ وکیل صفائی قاضی مصباح نے بتایا کہ نواز شریف شامل تفتیش ہو چکے۔ سوالنامہ مہیا کیا گیا تھا اور 2019ءمیں یہ سوالنامہ بنایا گیا جبکہ اس وقت نوازشریف انتہائی علیل تھے جس کی وجہ سے فراہم نہیں کیا جا سکا تھا، اب سوالنامہ کے جوابات دے دیے گئے ہیں۔ ریکارڈ پر موجود ہے کہ نواز شریف نے کوئی بھی گاڑی نہیں مانگی تھی،اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے تصدیق کی کہ تفتیشی کے مطابق نوازشریف کی جانب سے جواب جمع ہو گیا ہے، اب اس پر مزید کارروائی ہوگی جس کیلئے کچھ وقت درکار ہے، جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا کریں گے اب اس پر؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی نوازشریف کا بیان دیکھیں گے اور پھر اس پر مزید کارروائی ہو گی۔